"صحت ہفتہ" شہر کے 14 مراکز صحت میں بھرپور طریقے سے منایا گیا،ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 19 اگست 2017 17:35

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء)ڈپٹی کمشنر لاہورسمیر احمد سید نے کہا ہے کہ "صحت ہفتہ" شہر کے 14 صحت مراکز میں بھرپور طریقے سے منایا گیا اور تین تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں ،4رورل ہیلتھ سنٹرز سمیت 7بنیادی مراکز صحت میں عوام الناس میں بیماریوں کی سکریننگ کیلئے خصوصی کیمپس لگائے گئے جن پرآنے والے ہر شخص کا ملیریا، ہیپاٹائٹس، شوگر بلڈ پریشر، سانس ، پھیپھڑوں ، الٹراسائونڈ اور دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کئے گئے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر لاہور نے سمن آباد میں "صحت ہفتہ"کے آخری روز ہسپتال میں لگائے گئے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر لاہور بیماریوں کی تشخیص کیلئے بنائے گئے ہر ڈیسک پر گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے ٹیسٹ کیلئے آئے ہوئے شہریوں سے بھی بات چیت کی جنہوں نے محکمہ صحت اور حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوب سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے کیمپس کا انعقاد وقتاًفوقتاً ہوتا رہنا چاہیے۔

ڈی سی لاہور نے عملہ کے کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے سمیر احمد سید نے بتایا کہ لاہورمیں 15اگست سی19اگست تک رہنے والے -"ہفتہ صحت " میں 12ہزار سے زائد شہریوں نے اپنی رجسٹریشن کروائی اور ان کے مختلف بیماریوں کی تشخیص کیلئے ٹیسٹ کئے گئے۔ اگر کسی بھی بیماری کی تشخیص ہوتی ہے تو اس کا علاج بھی کیا جائے گا۔ جبکہ کیمپس میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور ویکسی نیشن بھی کی گئی۔