قدرتی اور خود ساختہ آفات کے تباہ کن اثرات سے متعلق عوامی آگاہی کا سیمینار

ہفتہ 19 اگست 2017 17:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) انسٹیٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان راولپنڈی اسلام آباد کے زیر اہتمام قدرتی اور خود ساختہ آفات کے تباہ کن اثرات سے متعلق عوامی آگاہی کا سیمینار ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔ سیمینار کا ایک مقصد انجینئرنگ کمیونٹی کو ایسی آفات کے تناظر میں انسانی مشکلات کو کم کرنے کیلئے تیار رکھنا بھی ہے۔

سیمینار کی صدارت انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ پاکستان کے چیئرمین حافظ ایم احسان الحق کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں تنظیم کے مقامی اور مرکزی کونسل اراکین نے شرکت کی۔ یہ تقریب پیشہ وارانہ ترقی کے پروگرام کا حصہ ہے جس کا انعقاد نوجوان انجینئرز کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے باقاعدگی سے کیا جاتا ہے۔ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کے ممتاز ماہر انجینئر محمد عابد نے تقریب سے کلیدی خطاب کیا ور ڈیزاسٹر خطرات انتظامات اور نقصانات سے بچائو کے حوالہ سے تفصیلی پریذنٹیشن دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے رسک مینجمنٹ کے طریقہ کار کے مناسب انتظام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حدت کے نظام، موسمیاتی تغیر اور تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز شدید خطرہ بن رہے ہیں جس کے مضر اثرات اور نقصانات سے بچائو کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انجینئر نجم الدین اور انجینئر شفیق الرحمان نے بھی خطاب کیا۔ چیئرمین انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ حافظ احسان الحق قاضی نے اعلان کیا کہ سال کے دوران نوجوان انجینئرز کی تربیت کیلئے ایسی متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے گریجویٹ اپنے سینئرز کے تجربات سے استفادہ کیلئے تنظیم میں شامل ہوں گے تاکہ وہ عملی زندگی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔