کھیلیں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں، کمشنر

ہفتہ 19 اگست 2017 17:13

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) کھیلیں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرتی ہیں۔ جشن آزادی کی تقریبات میں جہاں ضلع سرگودہا کے سرکاری محکموں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہاں پر پرائیویٹ اداروں سمیت مختلف تنظیموں نے کھیلوں او ردیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے کر زندہ دل قوم کاثبوت دیا ۔ شوٹنگ کے مقابلوں کا انعقاد جشن آزادی کے پروگراموں کاحصہ تھا جس کے انعقاد کا میئر وڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ اور شوٹنگ کلب کو جاتاہے ۔

ایسی مثبت سرگرمیاں نوجوان نسل کو مثبت سوچ کی عکاسی کرتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے گذشتہ رات سکیٹ شوٹنگ جشن آزادی کپ سرگودہا 2017ء کے مقابلوں پر ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( ریونیو) طار ق خان نیازی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فیصل امین، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمن نیازی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر حافظ عبدالمنان بیگ، رانا شاہد عمران، شوٹنگ کلب کے آرگنائز میاں سیف علی رانجھا ء، راجہ لیاقت حیات، شوٹر کھلاڑیوں او رشائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

کمشنرندیم محبوب نے شوٹنگ مقابلوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کھلاڑیوں کے تجربہ او رمہارت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہاکہ یہ بہت دلچسپ کھیل ہے جس کا یہاں فروغ شائقین کیلئے صحت مند تفریحی سرگرمیوں میں اضافے کاسبب بنے گا۔انہوں نے شوٹنگ مقابلوںمیں شاندار کارکردگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ شوٹنگ کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور شوٹنگ کلب کیلئے ماڈل ٹاؤن میں قطعہ اراضی مختص کر دیاگیاہے ۔

اگلے سال یہ مقابلے زیادہ بہتر انداز میں انعقاد پذیر ہو سکیں گے ۔ شوٹنگ مقابلوں میں صوبہ بھر سے کئی ایک شوٹنگ کلب کے 80 سے زائد شوٹرز نے بہترین شوٹنگ کامظاہرہ کر کے شائقین سے دادِ تحسین وصول کی۔