حدیبیہ کیس نوازشریف کی سیاسی موت ثابت ہوگا ،ْ شیخ رشید احمد

ہفتہ 19 اگست 2017 16:52

حدیبیہ کیس نوازشریف کی سیاسی موت ثابت ہوگا ،ْ شیخ رشید احمد
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نیب میں حدیبیہ پیپر ملز کیس کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حدیبیہ کیس نوازشریف کی سیاسی موت ثابت ہوگا۔ ہفتہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ حدیبیہ کیس نوازشریف کی سیاسی موت ثابت ہوگا، نوازشریف این آر او چاہتے ہیں اس لیے وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے، سپریم کورٹ کے جج کے خلاف ریفرنس نوازشریف کی طرف سے عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے ڈان لیکس اور جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10 کو اوپن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر اسمبلی ایاز صادق کو جاتی امرہ بلا کر ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا نوازشریف ہمیشہ قربانی کے بکروں کا سہارا لیتے ہیں اور ان کے پاس ایسے کئی بکرے موجود ہیں۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ انہوں نے کسی قیمت پر بھی نیب کے سامنے پیش نہیں ہونا، انہوں نے آئین و قانون سے بغاوت کا اعلان کردیا ہے ،ْنوازشریف نے ان ججز کے فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا جن کا فیصلہ انہوں نے ماننے کا کہا تھا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہاکہ یہ نوازشریف کی طرف سے اعلان جنگ ہے، انہوں نے جس راستے کا انتخاب کیا ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، سسٹم کو شدید خطرات لاحق ہیں کیونکہ جسٹس کھوسہ مستقبل کے چیف جسٹس ہیں۔