پاکستان اور افغانستان کا انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

سیکرٹری خارجہ اورافغان ڈپٹی وزیر خارجہ کادونوں ملکوں کے مابین مخلتف شعبوں میں تعاون اورافغانستان میں پائیدار امن و ستحکام کے لئے کوششوں پر تبادلہ خیال سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے افغان ڈپٹی وزیر خارجہ ناصر اندیشہ کی ہفتہ کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات

ہفتہ 19 اگست 2017 16:09

پاکستان اور افغانستان کا انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون مزید ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کو دونوں ملکوں اور عوام کیلئے مشترکہ خطرہ تسلیم کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کوششوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔یہ اتفاق رائے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور افغان ڈپٹی وزیر خارجہ ناصر اندیشہ کے درمیان پایا جنہوں نے ہفتہ کو یہاں دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بات چیت کے دوران دونوں ملکوں کے مابین مخلتف شعبوں میں تعاون اورافغانستان میں پائیدار امن و ستحکام کیلئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ اقتصادی تعاون،تجارت،ٹرانزٹ اور رابطوں میں اضافہ دونوں ملکوں اور عوام کے باہمی مفاد میںہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان انفراسٹرکچر اور توانائی منصوبوں میں تیزی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فریقین نے تسلیم کیا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں اور انکے عوام کا مشترکہ دشمن ہے،دونوں رہنماوں نے اس لعنت پر قابو پانے کی غرض سے انسداد دہشت گردی کیلئے کوششوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔افغان نائب وزیر خارجہ افغانستان کے یوم آذادی کی تقریب میں شرکت کی غرض سے پاکستان کے دورے پر ہیں اس کے علاوہ وہ اسلام آباد میں نئے افغان سفارتخانے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔