سندھ میں حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا

کراچی میں قائم غیررجسٹرڈ ٹریول ایجنسی نے معصوم شہریوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر ڈھائی کروڑ روپے وصول کرلئے ایف آئی اے نے ایجنسی کو سیل کرکے سب ایجنٹ جہانگیر کو حج پر جانے کے خواہشمندافراد کی رسیدوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

ہفتہ 19 اگست 2017 15:17

سندھ میں حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) غیر رجسٹرڈ ٹریول ایجنسی نے سیکڑوں شہریوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر ڈھائی کروڑ روپے کا چونا لگا دیا۔کراچی میں قائم غیررجسٹرڈ ٹریول ایجنسی نے معصوم شہریوں کو حج پر بھیجنے کا جھانسہ دے کر ڈھائی کروڑ روپے وصول کرلیے تاہم شہریوں کی شکایت پر ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل نے ایجنسی کو سیل کرکے سب ایجنٹ جہانگیر کو حج پر جانے کے خواہشمندافراد کی رسیدوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاہے جبکہ ٹریول ایجنسی کا مالک غلام شبیر اور دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام کوچند روز قبل ٹنڈواللہ یار سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی کہ شاہراہ فیصل پر واقع ہاشمی ٹریول ایجنسی کے سب ایجنٹ جہانگیر نے حج پر بھجوانے کے عوض ان سے 4لاکھ روپے وصول کیے اور اب روزانہ حج پر بھجوانے کی نئی تاریخ دے کر غائب ہوجاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ہاشمی ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ ٹریول ایجنسی سندھ میں رجسٹرڈ ہی نہیں ہے اورڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والا اس کا مالک غلام شبیر غیر قانونی طور پر سب ایجنٹوں کے ذریعے تقریبا ڈیڑھ سو سے زائد افراد سے ڈھائی کروڑ روپے وصول کرچکا ہے اورایک بھی شخص کو تاحال حج پر روانہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ ہاشمی ٹریول کے نام پر بکنگ کرانے والے افراد در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

ایف آئی اے نے سب ایجنٹ جہانگیرکو گرفتار کرکے ہاشمی ٹریول دفترسیل کردیا ہے اور ایجنسی کے مالک غلام شبیر سمیت سب ایجنٹوں فرقان، نعیم اور فواد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :