سمندری روڈ پر یکطرفہ انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 65 کروڑ روپے منظور

ہفتہ 19 اگست 2017 14:50

سمندری روڈ پر یکطرفہ انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 65 کروڑ روپے منظور
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) پنجاب حکومت نے سمندری روڈ پرناولٹی پل کے قریب ٹریفک کے آسان بہائو کے لئے یکطرفہ انڈر پاس تعمیر کی تعمیر واسطے 65 کروڑ روپے کی منظوری دیدی۔ انڈر پاس کی تعمیر سے سمندری کی طرف سے آنے والی ٹریفک بلارکاوٹ جھال چوک کی طرف جاسکے گی۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی نے متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس میں ناولٹی پل انڈر پاس کے میگاپراجیکٹ کی محکمانہ پیشرفت کاجائزہ لیا۔

سپرنٹنڈنٹ انجینئرہائی ویز خاور بھٹہ نے منصوبے کے خدوخال، تخمینہ جات کی تفصیل اوراب تک کی محکمانہ کارروائی سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک امجدسعید،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد سعید،ایس ای محکمہ انہارغلام مرتضیٰ،ڈائریکٹرزواسا کامران رضا،عثمان لطیف،ڈپٹی ڈائریکٹر واسا عبدالغفار،ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر انوارالحق،فیسکو،سوئی گیس،پی ٹی سی ایل،پی ایچ اے اوردیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ناولٹی پل انڈر پاس کے ڈیزائن اوردیگر فنی وتکنیکی امورکاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبے کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق بنانے،بلاتاخیر آغاز،مقررہ مدت میں تکمیل اور پیش آمدہ رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت دیگر انتظامی معاملات کوتیز رفتاری سے مکمل کریں۔انہوں نے ٹارگٹ دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر اگلے ماہ کے آخر تک تعمیر کا آغاز کرنے کے لئے تمام تر محکمانہ تقاضے مکمل ہونے چاہیں اوراسے 9ماہ کی مدت میں پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے حتی المقدور کوششیں کی جائیں۔

انہوں نے واسا،سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اور فیسکوکو اپنی تنصیبات کی منتقلی کے لئے فوری پلان تیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے اندرآنے والے درختوں کی کٹائی کیلئے ضروری کارروائی فوری مکمل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے انتہائی سنجیدگی سے اقدامات کریں اور کسی قسم کی رکاوٹ یادشواری سے متعلق فوری انہیں آگاہ کیاجائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا،سوئی گیس،فیسکو اور پی ٹی سی ایل کی یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے پلان میں مقررہ ٹائم لائن کے اندر کام کی تکمیل کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے بہترین ٹریفک انجینئرنگ کے مطابق ڈیزائن مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ناولٹی پل انڈر پاس کے تعمیراتی مراحل کے دوران ٹریفک کی روانی کوبرقرار اوردیگر شہری سہولتوں کو فعال رکھنے کی جامع پیش بندی کریں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ موجودہ ڈھانچے کاجائزہ لیکر ناولٹی پل انڈر پاس کے منصوبے میں سڑک،فٹ پاتھ،گرین بیلٹ،سروس روڈ اور نہر کی پٹری کی تعمیر کیلئے جگہ کی تقسیم وترتیب مکمل کرلی گئی ہے۔