کراچی،کورنگی میں میں سی ٹی ڈی اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے پمفلٹ ملا ہے ،ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، سی ٹی ڈی حکام ملزمان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکر گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عرفان اللہ عرف شینا اور خالد عرف تورابورا کے ناموں سے ہوئی ہے، عمرشاہد

ہفتہ 19 اگست 2017 14:44

کراچی،کورنگی میں میں سی ٹی ڈی اور رینجرزکا مشترکہ آپریشن کالعدم تنظیم ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2017ء) کراچی کے علاقے کورنگی میں میں سی ٹی ڈی اور رینجرزکے مشترکہ آپریشن میںکالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کراچی کے علاقے کورنگی ڈھائی نمبر نورانی بستی میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے دہشت گردوں کی اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مارا، جس پر وہاں چھپے دہشت گردوں نے قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

دوطرفہ شدیدفائرنگ کے تبادلے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں نے ٹھکانے پر بم نصب کیا ہوا تھا جسے ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنایادیا۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے بعد رینجرز نے گھر گھر تلاشی بھی لی تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جارہا ہے۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے میڈیا سے بات چیت میں بتایاہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے پمفلٹ ملا ہے جس میں انہوں نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں سے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار سے چھینا ہوا اسلحہ بھی ملا ہے ۔ہلاک ملزمان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان مفتی شاکر گروپ سے ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عرفان اللہ عرف شینا اور خالد عرف تورابورا کے ناموں سے ہوئی ہے۔پولیس نے دہشت گردوں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزمان کے دیگرساتھیوں کی تلاش کا آغاز کردیا گیا ہے۔