بارسلونا: 3 حملوں میں بچ نکلنے والی خوش قسمت خاتون

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اگست 2017 13:47

بارسلونا: 3 حملوں میں بچ نکلنے والی خوش قسمت خاتون
بارسلونا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اگست 2017ء): بارسلونا میں گذشتہ روز ہونے والے دھماکے میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔ دھماکے کے بعد ملحقہ علاقوں میں خوف و ہراس تو پھیل گیا لیکن اس افسوسناک واقعہ کو اپنی آنکھوں میں قید کرنے والی ایک ایسی خاتون بھی ہیں جو 3 حملوں میں بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔ 26 سالہ یہ خاتون داعش کے تین حملوں میں بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئیں۔

کمیلبرن کی رہائشی 26 سالہ جولیا مناکو اُس وقت بارسلونا کے ایک تجارتی علاقہ لاس رمبلاس میں ایک شاپنگ مال میں موجود تھیں جب دہشتگردوں نے وین راہگیروں پر چڑھا دی جس کے بعد دہشتگردوں نے ایک قریبی ہوٹل میں گھُس کر شہریوں کو بھی یرغمال بنایا۔ اس سے قبل جون میں جولیا لندن کے میٹرو اسٹیشن پر موجود تھیں جب ایک کار سوار شخص نے لندن برج پر موجود شہریوں پر گاڑی چڑھا دی تھی ۔

(جاری ہے)

لندن حملے سے چند روز قبل جولیا پیرس کے معروف نوٹرے ڈیم کتھڈرل میں موجود تھیں۔ اور چاقو بردار شخص نے باہر کھڑے پولیس اہلکار پر حملہ کر دیا تھا ۔ ان تینوں حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ تین حملوں میں بچ نکلنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے جولیا نے کہا کہ مجھے ایسا نہیںلگتا کہ اب مجھے گھر چلے جانا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میں یورپ کے مزید شہروں کی سیر کروں گی اور دہشتگرد مجھے بالکل بھی خوفزدہ نہیں کر سکتے۔