عدلیہ کے خلاف یہ جنگ نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے۔ شیخ رشید

ن لیگ ٹوٹنے جا رہی ہے۔ انہوں نے آئین اور قانون کے خلاف کھُلی بغاوت کر دی ہے اب بس چار ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے۔ مجھے ان کی ذہنی صحت پر تشویش ہے جو ان کو ایسے مشورے دے رہے ہیں ۔ عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اگست 2017 12:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اگست 2017ء) : اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کےمعاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن ٹوٹ چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک نفسیاتی کیس بن چُکے ہیں۔ انہوں نے صاف فیصلہ کر لیا ہے کہ عدالتوں میں پیش نہیں ہونا اور اب کے عدلیہ کے خلاف کھُل کر سامنے آ گئے ہیں ۔

آج بھی انہوں نے عدالت پر حملہ کیا۔ نجی ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ ٹوٹنے جا رہی ہے ۔ عدلیہ کے خلاف یہ جنگ نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے۔ بس اب چار ماہ کی بات ہے۔ یہ لوگ کسی قیمت پر بھی عدلیہ کے سامنے پیش ہونے کو تیار نہیں ہیں۔ نیب بھی یہی کہے گا کہ ملزمان تعاون نہیں کر رہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن نے آئین اور قانون کے خلاف کھُلی بغاوت کر دی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں چئیرمین نیب کو خط لکھ رہا ہوں۔ ان کے لیے عدالت چل کر لاہور گئی لیکن پھر بھی یہ پیش نہیں ہوئے۔ نواز شریف کے ہاتھوں سسٹم خطرے میں دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے پاس اگر ثبوت یوتے تو یہ ضرور عدالت میں پیش کرتے۔ لیکن انہوں نے ججز کی کردار کشی کی مہم شروع کر دی ہے ۔ مجھے اُن کی ذہنی صحت پر تشویش ہے جو ان کو ایسے مشورے دے رہے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نواز شریف کی جیب کی گھڑی اور ہاتھ کی چھڑی ہیں۔ نواز شریف اور ان کے اہل خانہ نیب ریفرنسز میں پیش نہیں ہوئے۔انہوں نے جے آئی ٹی بننے کے ایک ماہ تک بھی کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا ، حدیبیہ پر ان کی جان جاتی ہے جبکہ کیس تیار ہے۔