ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان حکمت عملی کا اعلان ملتوی -اسلام دشمن مشیر اسٹیفن بینن کو بر طرف کر دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 اگست 2017 12:01

ڈونلڈ ٹرمپ کی افغان حکمت عملی کا اعلان ملتوی -اسلام دشمن مشیر اسٹیفن ..
واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اگست۔2017ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغان حکمت عملی کا اعلان ملتوی کردیا ہے، کیمپ ڈیوڈ میں افغانستان اور جنوب ایشیا کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے- پالیسی کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری سارا سینڈرز کے مطابق امریکی صدر نے گزشتہ دنوں نیشنل سیکورٹی کے مشیروں اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ افغانستان کے بارے میں نئی پالیسی پر غور کیااس حوالے سے مختلف اقدامات اور آپشنز پر غور کیا گیا تاہم افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے یا نہ بھیجنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

پریس سیکرٹری کے مطابق صدر ٹرمپ اس وقت جنوبی ایشیا اور خاص طور پر افغانستان کے حوالے سے مختلف امور پر غور کررہے ہیں اور مناسب وقت پر وہ امریکی عوام کو اور اپنے اتحادیوں کو نئی پالیسی سے آگاہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل افغانستان کے لیے مزید 5 ہزار امریکی فوجی بھیجنے کی تجویز پیش کی گئی ِ تھی۔دوسری جانب صدر ٹرمپ نے وہائٹ ہاﺅس کے اعلی ترین عملے میں تازہ ترین ردو بدل کے ایک سلسلے میں انتہائی دائیں بازو کے نظریا ت رکھنے والی ایک انتہائی متنازع شخصیت، چیف اسٹریٹجسٹ اسٹیفن بینن کو بر طرف کر دیا ہے۔

بینن صدر ٹرمپ کی کچھ انتہائی متنازع فیہ پالیسیوں کے پس پشت کار فرما تھے جن میں کئی مسلم اکثریتی ملکوں کے شہریوں پر امریکی سفر کی پابندی بھی شامل تھی۔ صدر ٹرمپ نے گذشتہ ہفتے کے دن ورجینیا کالج کے قصبے شارلٹس ول میں سفید فام بالا دستی کے حامیوں کی جانب سے تشدد کے واقعے کے بعد اپنے تبصروں کے باعث خاصے الگ تھلگ ہوتے جا رہے ہیں۔

ٹرمپ پر اپنے ممتاز ری پبلکن رفقائے کار، بزنس لیڈرز اور بیرون ملک امریکی اتحادیوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہوا تو انہیں بینن کی بر طرفی کے بڑھتے ہوئے مطالبوں کا سامنا ہوا۔ اقتصادی نیشنل ازم اور سیاسی اشتعال انگیزی کے ایک چیمپئن، 63 سالہ بینن، اس سے پہلے امریکی بحریہ کے ایک سابق افسر گولڈ مین سیچس انویسٹمنٹ بنکر اور ہالی ووڈ کے فلم پروڈیوسر رہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :