ڈیرہ‘مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھی عطااللہ شاہ جاں بحق

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا

ہفتہ 19 اگست 2017 11:59

ڈیرہ‘مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مولانا فضل الرحمن کے قریبی ..
ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 اگست2017ء) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے شور کوٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے مولانا فضل الرحمن کے قریبی ساتھی جے یو آئی (ف)کے رہنما مولانا عطا اللہ شاہ کو قتل کر دیا‘ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو پولیس ذرائع کے مطابق مولانا عطا اللہ شاہ فیض مسجد بنوں اڈا کے مہتمم تھے،فجر کی نماز پڑھنے کے بعد مسجد سے گھر آ رہے تھے کہ شورکوٹ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔

مولانا عطا اللہ شاہ کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال ڈی آئی خان منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ذرائع کے مطابق مولاناعطا اللہ شاہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی تھے۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی تھی۔