ساڑھے تین انچ کا کیل دل کے آرپار ہونے کے باوجود امریکی شہری بچ گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 19 اگست 2017 11:19

ساڑھے تین انچ کا کیل دل کے آرپار ہونے کے باوجود امریکی شہری بچ گیا
 وسکانسن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 اگست۔2017ء) امریکی ریاست وسکانسن میں دل میں کیل آرپار ہوجانے کے باوجود 52 سالہ شخص ڈوگ برگیسن معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔ برگیسن ایک نیل گن سے کام کررہا تھا اور اتفاقاً گن کا ٹریگر دبا اور اس سے نکلنے والی ساڑھے 3انچ لمبی کیل سینے سے ہوتی ہوئی دل میں جاگھسی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے مکان میں ایک آتشدان بنانے کیلئے اسکا فریم تیار کررہا تھا۔

کیل لگنے کے بعدچند منٹوں تک اسے احساس نہیں ہوا کہ اس کے ساتھ کتنا بڑا حادثہ پیش آچکا ہے مگر دل میں تکلیف کی وجہ سے اسے احساس ہوا کہ شاید اس کے دل میں چوٹ لگی ہے مگر اس وقت بھی وہ یہ نہیں سمجھ سکا تھا کہ اتنی لمبی کیل دل میں جاگھسی ہے- اس شخص نے نہ صرف اپنے حواس بحال رکھے بلکہ 12میل تک ڈرائیونگ کرکے ہسپتال پہنچا جہاں اسے فوری طبی امداد ملنے پر جان بچ گئی۔

(جاری ہے)

ہسپتال کے عملے نے جب اس کا معائنہ کیا او رایکسرے کیا تو پتہ چلا کہ اسے فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت ہے۔ کیل تو باہر سے بھی نکالی جاسکتی مگر سرجن یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ دل کے قریبی علاقے میں اسکا کیا منفی ردعمل ہوا ہے۔ اب ڈاکٹروں کا کہناہے کہ یہ شخص خوش قسمت تھا جس نے ہمت کے ساتھ بروقت فیصلہ بھی کیا۔اس کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر الیگزینڈر روئسٹین نے کہا کہ بالعموم ایسے حادثات میں ہزار افراد میں سے کوئی ایک بچ پاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے بعد اسے مبارکباد دی تاہم ڈوگ کا کہناہے کہ وہ اب بھی کوئی دوا نہیں لے رہا مگر ڈاکٹرو ںنے اسے 20پاﺅنڈ سے زیادہ وزن اٹھانے سے منع کردیا ہے۔

متعلقہ عنوان :