آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی جنرل جوزف کی وفد کے ہمراہ ملاقات، سیکورٹی کی صورتحال سمیت پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال

ہفتہ 19 اگست 2017 01:40

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کمانڈر امریکی سنٹرل کمانڈ جنرل جوزف ایل ووٹیل نے ایک وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں افغانستان میں سیکورٹی کی صورتحال سمیت پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جنرل باجوہ نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے معاہدوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

خطہ کے استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور سیکورٹی تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق آپریشن کئے ہیں۔ آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر سیکورٹی کے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے افغان سیکورٹی فورسز اور امریکہ کے زیر قیادت ریزولیوٹ سپورٹ مشن کے ساتھ کام کرنے کے عزم کو بھی دہرایا۔ افغانستان اور پاکستان امریکہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان سے زیادہ کسی دوسرے ملک کو دلچسپی نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :