ضلع انتظامیہ کی جانب سے نواںکھجور سیمینار اور نمائش 21، 22 اگست کو منعقد ہونگے، ڈپٹی کمشنر خیرپور

جمعہ 18 اگست 2017 23:04

سکھر۔ 18اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)خیرپور کی معیشت اور کھجور کے آبادگاروں کو مزید مضبوط ، ترقی دلانے کے ساتھ ان کی معاشی حالت بہتر بنانے اور خیرپور کی کھجور کو بین الاقوامی سطح پر قابل فروخت بنانے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے نویںکھجور سیمینار اور نمائش 21 اور 22 اگست کو شہید بینظیر بھٹو اوپن ایئر تھیٹر اور سچل آڈیٹوریم ہال خیرپور منعقد ہوگی ، ڈپٹی کمشنر خیرپور محمد نواز سوہو نے اس سلسلے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 21 اگست کو کھجور سیمینار اور نمائش شروع ہوگا جس کا افتتاح سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ جیلانی کریں گے ۔

کھجور سیمینار سچل سرمست آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوگا جس میں مہمان خصوصی ایم این اے ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی ہونگی نمائش صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی 21 اگست کی شام ممتاز گرائونڈ میں فٹبال ٹورنامنٹ منعقد ہوگا جس میں ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ مہمان خصوصی ہونگی۔

(جاری ہے)

22 اگست کو اختتامی تقریب اور محفل سماع رات 8 بجے منعقد ہوگا جس کی صدارت صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان ، جبکہ مہمان خصوصی ایم این اے حاجی نواب خان وسان، اعزازی مہمان ضلع کونسل کے چیئرمین شہریار وسان ہونگے۔

اس سلسلے میں فوکل پرسن اے ڈی سی ٹو محمد اقبال جنڈران نے انتظامات کے بارے میں بتایا کہ سیمینار اور نمائش کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں جبکہ نمائش میں60 سے زائد اسٹال لگائے جائیں گے جبکہ اختتامی تقریب میں ایوارڈ تقریب اور محفل سماع منعقد کی جائے گی جس میں صنم ماروی، طفیل سنجرانی، احمد مغل، ماہ نور ، صوفی فقیر اور دیگر مزاحیہ فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔