صوبے کے متنوع وسائل وفوائد میں سرمایہ کاری کے لئے سہولیات پر خصوصی توجہ دی ہے، پرویزخٹک

بد قسمتی صوبے کے وسائل کو ترقیافتہ اور خوشحال خیبرپختونخوا کی بنیاد بنانے کے لئے کسی نے بھی بروئے کار لانے کی کوشش نہیں کی،وزیراعلی خیبر پختون خوا کی چینی کمپنی کے وفد سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 23:01

صوبے کے متنوع وسائل وفوائد میں سرمایہ کاری کے لئے سہولیات پر خصوصی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے کہا ہے کہ انکی حکومت نے صوبے کے متنوع وسائل وفوائد میں سرمایہ کاری کے لئے سہولیات پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس صوبے میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع اور زبردست استعداد موجود ہے مگر بد قسمتی سے ان وسائل کو ترقیافتہ اور خوشحال خیبرپختونخوا کی بنیاد بنانے کے لئے کسی نے بھی بروئے کار لانے کی کوشش نہیں کی۔

وہ وزیر اعلیٰ ہائوس پشاو رمیں چین کی ایک کنسلٹنگ کمپنی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پرچائنا ریلوے انجینئرنگ کارپوریشن کے ساتھ خیبر پختونخوا میں ریل کمیونیکیشن اور دیگر شعبوں میں قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک ذمہ دار حکومت وہی ہوتی ہے جو بیک وقت تمام شعبوں میں بہترین طرز حکمرانی پر توجہ دے اور ترقی کی سمت کا تعین کرے اور لوگوں کو ریلیف دینا شروع کرے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے شعبے میں اُن کی حکومت نے خیبرپختونخو اکو مالی طور پر ایک مستحکم یونٹ بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں متعدد سکیمیں شروع کررکھی ہیں۔ انہوںنے پن بجلی اور صنعت کے شعبے میں سمال ، میڈیم اور طویل سکیموں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کو سرمایہ کاری کیلئے اوپن کر دیا گیا ہے۔

اُن کی حکومت نجی اور بیرونی دونوں سرمایہ کاروں کے ساتھ معاہدے کررہی ہے۔اُمید ہے کہ اس صوبے کا مستقبل خوشحال اور بہترین ہو گا۔ پرویز خٹک نے بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے عمل میں رکاوٹیں دور کرنے ، سرمایہ کاری کی استعداد میں اضافہ کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اب خیبرپختونخوا سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں خطہ بن چکا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے سرمایہ کاروں سے کہاکہ وہ آگے آئیں اور خیبرپختونخوا حکومت کی دی گئی پرکشش مراعات سے فائدہ اُٹھائیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور بہترین حکمرانی کیلئے اداروں کو با اختیار اور مضبوط بنایا ہے۔وہ اداروں کی خود مختاری کو بہتر سمجھتے ہیں ۔اس لئے کہ آزاد ادارے زیادہ ذمہ داری کے ساتھ پروفیشنل لائن پر فیصلے اور کام کر سکیں گے یہ ماضی کی سوچ کے بالکل برعکس اسلوب ہے کیونکہ ماضی میں اختیارات حکمرانوں کے پاس رہتے تھے اور وہ اپنی مرضی کے فیصلے کرتے اور ذاتی مفادات کو دیکھتے تھے جبکہ اب اداروں کو ریفارمز کے ذریعے زیادہ بااختیار بنا دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے اہداف پورے کر سکیں ۔

حکومت کا ان کے کاموں میں کم سے کم رول ہو لیکن ا س کا یہ مقصد نہیں ہے کہ حکومت ان کے کام سے لاتعلق رہے گی بلکہ اُن پر نظر رکھے گی ۔یہ ادارے اور بورڈز آزاد ماحول میں جب فیصلے کریں گے تو یہ دیر پا اور صوبے کے مفاد میں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :