آئندہ انتخابات کے بعد پنجاب کاوزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا جیالا ہوگا،آصف زرداری کا دعویٰ

پنجاب پیپلزپارٹی کا تھا ، ہے اور رہے گا ،پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ کا حلقہ این اے 120 کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 22:30

آئندہ انتخابات کے بعد پنجاب کاوزیراعلیٰ  پیپلزپارٹی کا جیالا ہوگا،آصف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب پاکستان پیپلزپارٹی کا تھا ، ہے اور رہے گا۔ آئندہ انتخابات کے بعد وزیراعلیٰ بھی پاکستان پیپلزپارٹی کا جیالا ہوگا ۔ وہ جمعہ کو لاہور میں حلقہ این اے 120 کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے امیدوار فیصل میر، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، پیپلزپارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن اور ثمینہ خالد گھرکی بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن اس بار نہ دھاندلی ہونے دیں گے اور نہ ہی انتخابات کے نتائج چوری کرنے دیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کی تنظیم مکمل ہو چکی ہے، پارٹی کارکن متحرک ہیں اور کارکنوں کی جدوجہد اور محنت سے کامیابی حاصل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ گلی محلوں میں جائیں اور ووٹروں کو بتائیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی میدان میں ہے۔ درایں اثناء مسلم لیگ(ن) کے رہنما تنویر زمان رندھاوا نے آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تنویر زمان رندھاوا نے کہا کہ اس ملک میں صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہی واحد پارٹی ہے جو عوام کی سیاست کرتی ہے اور عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے تنویر نے تنویر زمان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، پولیٹیکل سیکریٹری رخسانہ بنگش اور فیصل میر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :