سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کا مسلم لیگ(ن) کا صدر بننا بلوچستان کے عوام کیلئے قابل فخر ہے ، نصیب اللہ بازئی

2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے ملک بھر سے کامیابی حاصل کریگی، صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 18 اگست 2017 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماوں نے کہا ہے سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کا مسلم لیگ(ن) کا صدر بننا بلوچستان کے عوام کیلئے قابل فخر ہے پارٹی کے قائدین نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے۔ یہ بات مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی ،وزیراعلیٰ کے مشیر سردار در محمد ناصر، ملک خدا بخش لانگو، ہاشم بڑیچ ،فاروق یوسفزئی اورفرید افغان نے جمعہ کو سردار درمحمد ناصر کی رہائش گاہ پر مٹھائی تقسیم کرنے کے موقع پر صحافیوںاور کارکنوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر سرداریعقوب خان ناصر کا شمارسابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے دیرینہ اور بااعتماد ساتھیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ کا ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کو مسلم لیگ (ن) کا صدرنامزد کرکے ایک احسن اقدام اٹھایا ہے یہ بلوچستان کے عوام کیلئے فخر کی بات ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) کو فعال اورمنظم بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور قائدین نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں نصیب اللہ خان بازئی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تحفظات کے باوجود عدالت کے فیصلے کو قبول کیا ہے مسلم لیگ (ن) کے قائدین اپنے اوپر بنائے جانے والے بے بنیاد مقدمات کا سامنا کریں گے اور انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) ایک مرتبہ پھر بھاری اکثریت سے ملک بھر سے کامیابی حاصل کریگی۔

ایک سوال کے جواب میں سرداردرمحمد ناصر نے کہا کہ سینیٹر سرداریعقوب خان ناصر کو مسلم لیگ(ن ) کا مرکزی صدر نامزد ہونے پر بلوچستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیںسردار یعقوب خان ناصر پارٹی قائدین کو انشاء اللہ کبھی مایوس نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :