ملک دشمن قوتیں مختلف دہشت گردتنظیموں کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے بدامنی اورعدم استحکام پیداکرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں جن کابنیادی مقصد ترقی کے عمل میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق

جمعہ 18 اگست 2017 21:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روزوزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہوا،صوبائی وزیرداخلہ میرسرفرازبگٹی،کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض،چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق اوردیگر سول وعسکری حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں بلوچستان میں امن وامان کی مجموعی صورتحال اوردہشت گردی کے حالیہ واقعات ،امن وامان کی بہتری کیلئے جاری اقدامات، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیو ں اور لیویز فورس کوجدید خطوط پر استوارکرنے کے علاوہ محکمہ پراسیکیوشن کی استعداد کار اور کارکردگی میں اضافے سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا، متعلقہ اداروں کے حکام نے اجلاس کواس حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ ملک دشمن قوتیں مختلف دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے بدامنی اورعدم استحکام پیداکرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں جن کا بنیادی مقصد ترقی کے عمل میں رکاوٹ پیداکرناہے تاہم اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ دہشت گردوں کوپھر سے سراٹھانے کا موقع نہیں دیا جائے گا، دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اورانہیں پناہ فراہم کرنے والوں کے خلاف بھرپورقوت سے کاروائی جاری رکھی جائے گی تمام متعلقہ ادارے آپس میں مربوط روابط استواررکھ کر دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری رکھیں گے اوران کارروائیوں کا دائرہ کارمزید وسیع کیاجائے گا۔

اجلاس میں محکمہ پراسیکیوشن اورپولیس کو دہشت گردوں کے خلاف عدالتوں میں جامع اورمضبوط چالان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اورانٹیلی جنس ایجنسیوں کے مابین معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو صوبہ بھربالخصوص صوبائی درالحکومت میں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثربنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

اجلاس میں امن واستحکام کے قیام کیلئے صوبے کے عوام اورقبائل کے بھرپورتعاون پراطمینان کا اظہارکیاگیا جبکہ صوبہ بھرمیں یوم آزادی کی تقاریب میں عوام کی بھرپورشرکت اوراسے قومی جذبے کے ساتھ منانے کو ایک اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے اہل بلوچستان کوخراج تحسین پیش کیاگیا اورسیکیورٹی کے مؤثراقدامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات کے شہدأ کوخراج عقیدت بھی پیش کیاگیا۔اجلاس میں کوئٹہ بم دھماکے کے شہدأ کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :