راولپنڈی ،ْ فائرنگ سے ایک خاکروب جاں بحق ،ْایک زخمی

مقتول کی لاش کئی گھنٹے تک ہسپتال میں پڑی رہی ،ْ کمپنی کا کوئی بھی ذمہ دار ہسپتال نہیں پہنچا ،ْ کمپنی کے ملازمین کا الزام واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے ،ْپولیس کا دعویٰ … مزید تفیش شروع کر دی گئی

جمعہ 18 اگست 2017 21:40

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) راولپنڈی شہر کی صفائی ستھرائی کی ذمہ دار غیر ملکی کمپنی البراک کے 2 ملازمین پر نامعلوم مسلح افراد نے داتا گنج بخش روڈ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاکروب موقع پر جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے علاقے داتا گنج بخش روڈ پر تھانہ صادق آباد کی حدود میں صبح ساڑھے 5 بجے اس وقت پیش آیا جب کمپنی کے ملازمین صفائی کر رہے تھے۔

انہوںنے کہاکہ واقعہ کے وقت کمپنی کے 3 ملازمین وہاں موجود تھے جن میں سے ایک ملازم نے بھاگ کر اپنی جان بچائی جبکہ 3 فائرنگ کی زد میں آگئے۔ایس ایچ او صادق آباد راجہ طاہر نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ 40 سالہ کرامت کو گردن پر گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ 38 سالہ صغیر کو جسم کے اوپر والے حصے پر چار گولیاں لگیں جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم جبکہ زخمی خاکروب کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ غیر ملکی البراک کمپنی کے ملازمین نے الزام لگایا کہ مقتول کی لاش کئی گھنٹے تک ہسپتال میں پڑی رہی تاہم کمپنی کا کوئی بھی ذمہ دار ہسپتال نہیں پہنچا اور نہ ہی زخمی ملازم کی عیادت کے لیے کوئی آیا۔واقعہ کی تفتیش سے جڑے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مقتول نوجوان کو ایک ہی گولی گردن پر لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔صادق آباد پولیس کا دعویٰ تھا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جیسا کہ قاتلوں نے مقتول کی ریکی کرنے کے بعد اسے ٹارگٹ کیا تاہم مزید تفتیش شروع کر دی گئی