پاکستان میں ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں جاپانی حکومت کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں ،ْمشاہد اللہ خان

ہمیں 65سالوں سے جاپانی حکومت کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بڑی خوشی ہے ،ْجاپانی سفیر سے گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے میں جاپانی حکومت کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں اورہمیں جاپان کے ساتھ فعال ترین تعلقات پر فخر ہے، پاکستان نے سانحات کی مینجمنٹ کے لیے جاپان کے تجربہ سے استفادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر تکاشی کورائے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔جنہوں نے وفاقی وزیر سے خیر سگالی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیلابوں اور سونامی پر قابو پانے کے لیے منفرد ٹیکنالوجیزکے استعمال کی جاپانی حکومت کی ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کے تحت جنگلات کو بھی بروئے کارلایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جاپانی ساختہ الیکٹرانک اشیاء سے لیکر گاڑیوں تک آج ہر پاکستانی کی زندگیوں کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپانی عوام اور حکومت نے جس طرح بڑی تیزی سے ترقی کی ہے وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی حکومت نے ماحولیاتی جائزہ کے لیے ریڈار کی فراہمی کی اور پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے ادارہ کے قیام میں کردار ادا کیا اور اس طرح ماحولیاتی مسائل کو حل کرنے میں پاکستان کی مدد کی۔وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے مزید کہا کہ ہمیں 65سالوں سے جاپانی حکومت کے ساتھ مضبوط تعلقات کی بڑی خوشی ہے اور ان تعلقات کو ثقافت، اقتصادیات ، سیاست اور تعلیمی شعبہ سمیت ہر شعبے میں بڑھانا چاہئیے۔

جاپانی سفیر تکاشی کورائے نے اہم وزارت سنبھالنے پر مشاہد اللہ خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہمارا فلسفہ نہ صرف ڈیزاسٹر کی امدادی کوششوں میں مدد کرنا ہے بلکہ اس فلسفہ کے تحت ڈیزاسٹر کی مانیٹرنگ بھی مساوی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے جاپان میں 2011ء کے زلزلہ میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے تعاون پر جاپانی شہنشاہ کی طرف سے بھی پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سیدابواحمد عاکف ، گرین پاکستان پروگرام بارے وزیراعظم کے فوکل پرسن سید رضوان محبوب ، ڈائریکٹر جنرل ماحول ، عرفان طارق اور افسر تعلقات عامہ ظلِ ہما بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی سید ابو احمد عاکف نے سفیر کو بتایا کہ جاپانی حکومت کے فراہم کردہ ریڈارز کی مرمت کے لیے وزارت کو حکومت کی طرف 18ملین روپے موصول ہوگئے ہیں۔ یہ ریڈارزاب ایک مہینہ میں مرمت کروالیں گے اور اسلام آباد کی ہوا کی کوالٹی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :