سجاول ضلع بھرمیں مویشیوں میں مختلف اقسام کے وائرس پھیل جانے سے مویشیوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات

جمعہ 18 اگست 2017 21:30

سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) سجاول ضلع بھرمیں مویشیوں میں مختلف اقسام کے وائرس پھیل جانے سے مویشیوں میں ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں سجاول کے قریب گوٹھ خمیسو خان پٹھان کے امین اسحق پٹھان، نصراللہ اور دیگر نے بتایاکہ ان کے گوٹھ میں ایک ہزار سے زائد مویشی موجود ہیں جن میں اچانک بیماری پھیل گئی ہے اور چمڑی پر سرخ نشان ظاہرہوجاتے ہیں جبکہ دیگر ساماڑو، گھنڈ دوسری بیماریوں سے قریبی علاقے میں جانور متاثرہیں ، آمڑا اسٹاپ کے قریب کئی مویشی ہلاک ہوچکے ہیں تاہم محکمہ لائیواسٹاک کا عملہ شکایات کے باوجود علاج کرنے سے انکاری ہے ، اس سلسلے میں مویشی مالکان نے ڈی جی اینمل ہسبنڈری اور لائیواسٹاک کی آفس میں بھی شکایات درج کرائی ہیں تاہم اس کے باوجود کام چور عملے کی وجہ سے مویشیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور جعلی رپورٹس بناکر ان کی بنیاد پر ادویات ہڑپ کی جارہی ہیں ،مویشیوں کی ہلاکتوں اور بیماری سے علاقے میں غریب مالکان میں پریشانی چھائی ہوئی ہے ،انہوں نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طورپر سجاول میں فرض شناس اور ہمدرد عملہ تعینات کرکے ان کے مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کا انتظام کیاجائے ،اورمحکمہ کی لاپرواھی سے مرنے والے مویشیوں کے نقصان کا ازالہ کیاجائے ۔