ایف پی سی سی آئی میں نیب زدہ شخص کو اہم عہدہ دینے کی کوشش

پلی بارگین کرنے والے رضا باقر نامی شخص ماضی میں چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس کراچی کے عہدے پر تعینات رہے داغدار ماضی کے حامل شخص کو اہم عہدے کے لیے موزوں قرار دلانے کی کوشش ادارے کو نقصان پہنچا سکتی ہے،ذرائع

جمعہ 18 اگست 2017 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) ایف پی سی سی آئی میں نیب زدہ شخص کو اہم عہدہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے جو ماضی میں پلی بارگین کرچکا ہے ۔شکیل نامی ایک بزنس مین جس کا تعلق لاہور سے ہے مذکورہ شخص کو ملک کے اہم ترین ادارے کے اہم ترین عہدے پر براجمان کروانے کی کوشش کررہا ہے ۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ رضا باقر نامی شخص ماضی میں چیف کمشنر ریجنل ٹیکس آفس کراچی تعینات رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کے دور میں بہت بڑی تعداد میں درآمد کنندگان کو ٹیکس سے استثنیٰ کے سرٹیفکیٹس کا اجرا ہوا تھا ۔ذرائع نے بتایا کہ کسٹم نیوز ڈاٹ پی کے ڈیلی ویب سائٹ کی 28مارچ 2013کی خبر کے مطابق اس وقت کے چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکم اور رضا باقر کے قریبی تعلقات تھے جس کی وجہ سے رضا باقر کو پرموٹ کیا گیا جو کہ متنازع پروموشن تھی کیونکہ ان کا سروس ریکارڈ جرم زدہ تھا انہوںنے نیب سے پلی بارگین کی تھی ۔باخبر ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے شخص کو جس کاماضی داغ دار ہے ایف پی سی سی آئی کے اہم عہدے کے لیے موزوں قرار دلانے کی کوشش ادارے کے وقار کے منافی اور ادارے کو شدید نقصان سے دوچار کرسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :