جمہوریت کی روئی میں لپٹی نواز شریف کی آمرانہ سوچ بھی اب اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے ،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 18 اگست 2017 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اور سابق امیدوار برائے سپیکر پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ جمہوریت کی روئی میں لپٹی نواز شریف کی آمرانہ سوچ بھی اب اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والی ہے ․ ن لیگ کو بکھرنے سے بچانا اب کسی کے بس میں نہیں رہا اور اگلے چند روز کے اندر اندر اس کے کئی دھڑے بن جائیں گے ․ انہوں نے یہ بات پی ٹی آئی کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سیاسی لیڈر نے کرپشن کے خلاف سینہ سپر ہو کر مقدس گائیں سمجھے جانے والے کرپٹ سیاستدانوں کے احتساب کی بنیاد ڈالی ہے اور اس کا تمام تر کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے ․ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں چلنے والی مسلم لیگ ن مالی کرپشن سے لیکر انتخابی کرپشن اور آمرانہ سوچ و فیصلوں کی امین ہے جس کے خلاف خود اس کے اندر سے علم بغاوت بلند ہو رہے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اب عوام کے دلوں سے اتر چکا ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے ہی سمٹ کر سندھ کے چند مخصوص حصوں تک محدود ہو چکی ہے ․ انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کامیاب ہو کر چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت بنائے گی اور ملک میں صحیح معنوں میں عوامی جمہوری راج ہو گا ․

متعلقہ عنوان :