کراچی میں کنسٹرکشن ،ڈویلپمنٹ کے شعبے میں چین کے اشتراک اورتعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ڈپٹی میئر کراچی

جمعہ 18 اگست 2017 21:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبد اللہ وہرہ نے کراچی میں کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کے شعبے میں چین کے اشتراک اور تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مستقبل کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے چین کی کمپنی کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا صنعتی و تجارتی مرکز ہے جہاں تمام بڑی ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے صدر دفتر موجود ہیں ، شہر کی ضروریات کے مطابق یہاں ٹرانسپورٹیشن، فائر فائٹنگ ، کولڈ اسٹوریج ڈویلپمنٹ اور ہوٹلنگ سمیت مختلف شعبوں میں چینی ماہرین کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر چین کی کمپنی کے نمائندہ برائے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ ایشیا MR. ZHANG YANG اور MR. ZHOU BIN اور چیف ایگزیکٹو آفیسر برائے پاکستان انور اقبال نے ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کو پاکستان میں جاری اپنے پروجیکٹس کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ لاہور کے بعد اب وہ کراچی میں بھی انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے شعبے میں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی چین کی بڑی کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ کمپنیوں میں شامل ہے اور وہ کچرے سے انرجی بنانے کے علاوہ ٹرانسپورٹیشن اور کولڈ اسٹوریج کے شعبے میں بھی پروجیکٹس پر عملدرآمد کیلئے مدد اور تعاون فراہم کرسکتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور پر کام شروع ہونے کے بعد چین کی متعدد بڑی کمپنیز اور سرمایہ کار پاکستان میں مختلف پروجیکٹس پر کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں اس تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔

ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کسی بھی شہر کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار مقامی سطح پر انفرا اسٹرکچر کی ترقی سے مربوط ہے، کراچی شہر میں ایسی صلاحیت اور گنجائش دستیاب ہے جو اسے دنیا کے جدید اور ترقی یافتہ میگا سٹیز کی صف میں شامل کرسکتی ہے بشرطیکہ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور رہائشی علاقوں میں انفراسٹرکچر بشمول سڑکوں، پلوں، کھیل کے میدان، باغات، پارکنگ سائٹس، ویجیٹیبل اینڈ فروٹس مارکیٹس، میٹ مارکیٹس اور ویئرہائوسز سمیت مختلف سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے اور یہاں جدید تکنیک کی مدد سے گنجائش اور کارکردگی بہتر بنائی جائے۔

انہوںنے کہا کہ چین کی کمپنیز اور سرمایہ کاروں کو اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی ، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی ترقی کرے اور اس ترقی کے ثمرات شہرکے کونے کونے میں پہنچیں، لوگوں کو روزگار ملے اور خوشحالی آئے ۔انہوںنے کہا کہ چینی کمپنی کے نمائندوں سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں مشترکہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹس شروع کرنے پر غور کیا جائے گا تاکہ اس شعبے میں چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کیا جائے اور اس طرح ترقی کی رفتار کو بڑھا کر کراچی کے مسائل حل کئے جاسکیں۔

متعلقہ عنوان :