خیبرپختونخو اکی سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید کے اعزاز میں عشائیہ، وزیراعلیٰ کی شرکت

جمعہ 18 اگست 2017 21:01

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویزخٹک نے کرپشن فری اور شفاف حکمرانی کیلئے ناقابل حصول اور سخت اہداف کے تعین کے تاثر کو غلط اور حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے میں نتیجہ خیز طرز حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، صوبے کے تباہ حال اداروں کی بحالی اور انصاف پر مبنی حکمرانی کے نظام کیلئے گزشتہ چار سالوں میں صوبائی حکومت نے قابل عمل اقدامات اُٹھا ئے ہیں جن کے نتائج تمام شعبوں میں ہر سطح پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید کے خیبرپختونخوا میں بہترین اور شفاف حکمرانی کیلئے کردار کو سراہا اور کہاکہ اُن کی گراں قدر خدمات یاد رکھی جائیں گی ۔وہ پشاور میں خیبرپختونخو اکے سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء اور انتظامی سیکرٹریوں نے عشائیہ میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ تاثربے جاہے کہ صوبائی حکومت نے مشکل اور ناقابل حصول اہداف متعین کئے ہیں۔ایسا سوچنایہ ظاہر کرتا ہے کہ عمل درآمد کرنے والے اہلکاروں کی استعداد نہیں یا ان میں اہداف کے حصول کی صلاحیت نہیں ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقی اور خوشحالی ایک درست اور دیر پا نظام کے ذریعے ہی آسکتی ہے ۔انہوںنے اپنی زندگی عوام کی خدمت میں گزاری ہے ۔

انہوںنے بے یارومدد گار عوام کی مشکلات کا بغور مشاہدہ کیا ہے ۔صوبے کو بے قاعدگیوں اور کرپشن سے پاک شفاف حکمرانی کا نظام دینا اُن کا مشن ہے کیونکہ اشرف المخلوقات باربار غلطیاں نہیں کرتی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ جب وہ حکومت میں آئے تو نظام ڈیلیور کرنے کے قابل نہیں تھا ۔سرکاری ادارے تباہ حال تھے ، اسلئے انہوںنے صوبے میں ایک ایسے نظام کے قیام کو اپنا مشن بنا لیا جہاں ادارے عوام کو خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں اور سیاستدان اداروں میں مداخلت کی بجائے خدمات کی فراہمی کے مجموعی عمل پر نظر رکھیں اور اس کے لئے جوابدہی کا نظام ہو ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکمرانی کے سٹرکچر میں ہر فرد کی اپنی ذمہ داریاں ہوتی ہیں۔ اگر عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے بہترین حکمرانی کو یقینی بنانا سب کی اجتماعی ذمہ داری اور ایک مشترکہ ہدف ہے جس کیلئے حکمرانی کے سٹرکچر سے وابستہ ہر شخص کو ذمہ دارانہ کردار اداکرنا ہو تا ہے ۔انہوں نے بیوروکریسی سے کہا کہ وہ اپنے سروس کیئریر کے دوران حاصل کئے گئے تجربات کو عوامی مفاد کیلئے بروئے کار لائیں ۔

انہوںنے کہاکہ اس وقت جتنی قومیں بھی ترقی کی دوڑ میں آگے ہیں اُن کے پاس حکمرانی کا ایک مضبوط اور دیر پا نظام ہے ۔پرویز خٹک نے کہاکہ صوبائی حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تبدیلی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔انہوںنے سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں کے عمدہ مشوروں کو سراہا اور بیوروکریسی سے کہا کہ وہ سسٹم میں رکاوٹوں اور ذاتی اختلافات کو دور کریں اگر ہم نے ایسا نہیں کیاتو اس کا نقصان ہمارے بچوں کو اُٹھانا پڑے گا۔

ہمیں کسی سے ذاتی رنجش نہ ہے اور نہ ہونی چاہیئے کیونکہ ہم اپنی نسل کو جوابدہ ہیںاور یہ سوچنا بہت ضروری ہے کہ ہم اس کیلئے کیا چھوڑ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ اس لحاظ سے مطمئن ہیں کہ انہوںنے سسٹم کو صحیح ٹریک پر ڈال دیا ہے ۔۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والے چیف سیکرٹری عابد سعید نے خطاب کرتے ہوئے سامعین سے اپنے تجربات شیئر کئے اور خیبرپختونخوا میں ملازمت کے دورانیہ کو سب سے بہتر قرار دیا انہوںنے کہاکہ یہ ایک اچھا تجربہ تھا جس میں وزیراعلیٰ اور وزراء سمیت تمام بیوروکریسی نے اُن سے تعاون کیا اور ایمانداری کے ساتھ پیشہ وارانہ خطوط پر مشورے دیئے ۔

انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بیوروکریسی کی کارکردگی مثالی ہے اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ بہتر ہے۔افسران نے جس محنت اور جذبے کے ساتھ اُن کے ساتھ کام کیا اُسے ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔عابد سعید نے خیبرپختونخوا کے پولیس ایکٹ ، بلین ٹری سونامی پراجیکٹ ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت اصلاحات کے مجموعی عمل کو سراہا اور کہا کہ خدمات کی فراہمی کے جذبے کو آگے لیکر جانا ہے ۔ انہوںنے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ اور صوبائی کابینہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوںنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں بھر پور ساتھ دیا۔