راولپنڈی: تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کشمیریاں میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ

راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ایک اہلکار جاں بحق، دوسراشدید زخمی، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ملزمان موقع سے فرار

جمعہ 18 اگست 2017 21:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کشمیریاں داتا گنج بخش روڈ پرنامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ایک اہلکار جاں بحق اور دوسراشدید زخمی ہوگیازخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اطلاعات کے مطابق آر ڈبلیو ایم سی کے اہلکار داتا گنج بخش روڈ پر اپنی ڈیوٹی میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل سواروں نے اچانک فائرنگ کر دی جس سے 40سالہ کرامت گردن پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 38سالہ صغیر پیٹ،بازو اور ناب میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا اس دوران تیسرے اہلکار نے بھاگ کر جان بچائی جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کر دیا گیا اس ضمن میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے آر ڈبلیو ایم سی کے سینٹری ورکرز سے وردیاں اتارنے کا مطالبہ کیاوردی نہ اتارنے پر فائرنگ کر دی نامعلوم مسلح افراد کسی بڑی کاروائی کی تیاری کر رہے تھے یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے آر ڈبلیو ایم سی کے ملازمین پر حملے کا چوتھا واقعہ ہے 3ماہ قبل چاندنی چوک میں بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے سینٹری ورکر کو قتل کر دیا تھا اور وہ مقتول 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھاپولیس کے مطابق ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی شواہد اکھٹے کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ زخمی صغیر کو انتہائی تشویشناک حالت میں بے نظیر ہسپتال منتقل کردیا گیااورلاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال منتقل کردیا گیا۔