پیپلز پارٹی کے مفاد اور اتحاد کیلئے پارٹی دشمن لوگوں کو نکال کر انتشار اور تباہی سے بچایا جائے،حاجی جیندو سومرو

جمعہ 18 اگست 2017 20:51

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد کے سابقہ عہدیداران اور سینئر کارکنان پی ایس 45 حیدرآباد کے سابق صدرحاجی جیندو سومرو،پی ایس 49کے سابق صدر غلام رسول کلہوڑو ،پی ایس 48کے سابق صدرابرار احمد قریشی،محمد یامین سومرو،قاضی محمد جمیل ،آپا رضیہ شورونے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی کے بہتر مفاد اور کارکنان کے اتحاد کیلئے فوری طور پر ابن الوقت سازش اور پارٹی دشمن لوگوں کو نکال کر پارٹی کو انتشار اور تباہی سے بچایا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی سے ایک طویل عرصہ سے رفاقت رکھتے ہیں اور ہم نے اپنی تمام عمر پارٹی کو دے دی ،انہوں نے کہاکہ پارٹی چیئرمین نے کچھ عرصہ قبل پارٹی کے بہتر مفاد اور ملک گیر سطح پر منظم کرنے کیلئے پارٹی کی تمام تنظیمیں توڑ دی تھیں اور حیدرآباد میں ضلعی سطح پر صرف تین عہدوں کا اعلان کیا تھا جس میں ضلعی صدر،ضلعی جنرل سیکریٹری اور انفارمیشن سیکریٹری کے عہدے شامل تھے لیکن افسوس کہ حیدرآباد ضلع کے یہ تینوں عہدیدار اپنے رویوں اور عمل سے مسلسل پارٹی کاز اور پارٹی کو عوام میں غیر مقبول کر رہے ہیں جبکہ پارٹی کے کسی بھی پروگرام اور ترقیاتی کاموں میں ہم سینئر کارکنان کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا اور نہ ہی کوئی مشورہ کیا جاتا ہے جبکہ ایچ ایم سی خواتین ممبران اور لیڈیز کارکنان سے غیر مناسب رویہ اختیار کرتے ہیں جس سے عوام میں پارٹی پوزیشن خراب ہو رہی ہے ،انہوں نے پارٹی کی اعلی قیادت سے اپیل کی کہ ہمیں ملاقات کا وقت دیا جائے تاکہ ہم رو برو حقائق بیان کر سکیں ۔

متعلقہ عنوان :