پشاور ، اقوام متحدہ کے ایک وفد کی گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا سے ملاقات

فاٹا کے عوام نے ملک میں امن و استحکام کے لئے بے انتہاقربانیاں دی ہیں، انجینئر اقبال ظفر جھگڑا

جمعہ 18 اگست 2017 20:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2017ء) پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پراجیکٹس اینڈ سروسز(یو این آپس) کے ایک وفد نے جمعہ کے روز گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا سے، گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔وفد کی سربراہی ادارے کے کنٹری منیجر ،محمد شلابی کر رہے تھے ۔محمد شلابی نے گورنر کوپاکستان میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے اپنے ادارے کی خدمات اورکارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے ،فاٹا میںبھی معاونت کرنے کی پیشکش کی ۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ فاٹا کے عوام نے خاص طور پر حالیہ برسوں کے دوران ملک میں امن و استحکام کے لئے بے انتہاقربانیاں دی ہیں،اور حکومت کی یہ بھرپور کوشش ہے کہ انہیں وہ تمام ترسہولیات مہیا کی جائیں گی جن کے وہ مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران یو این آپس کے کنٹری منیجر نے گورنرکو اپنے ادارے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یواین آپس اقوام متحدہ کی زیر سر پرستی کام کرتی ہے۔

انہوں نے فاٹا میں بھی انفراسٹرکچرکی سہولیات کو بہتر کرنے، پروکیورمنٹ کے عمل کو فعال بنانے،اداروں کی صلاحیت کار کو تقویت دینے اورتعمیروترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے کے سلسلے میں بھی مددکرنے کی پیش کش کی۔گورنر خیبرپختونخوا نے یواین آپس کی کارکردگی کوسراہا اور کہا کہ فاٹا سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام کی جانب سے فاٹا میں ممکنہ سہولیات واقدامات لانے میںیو این آپس کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنایا جا ئے گا۔

متعلقہ عنوان :