حکومت پنجاب صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے

ہفتہ صحت پروگرام سے عوام کو بہتر سہولیات میسر ہو رہی ہیں،صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ہفتہ صحت پروگرام کی بدولت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر ہو رہی ہیں، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اساتذہ قوم کے معماروں کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں، چھچھ کے بچوں اور بچیوں کو بہتر سے بہتر تعلیم کی سہولت دینے کیلئے کوشاںہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال حضرو اور مختلف سکولوںمیں جاری ٹریننگ سنٹر کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلدیہ حضرو حاجی سعید آرائیں ،وائس چیئرمین ملک عبد المناف ،ایم ایس ڈاکٹر جواد الہیٰ ،ڈپٹی ڈی ای ایجوکیشن حضرو افسر خان ،اتحاد گروپ کے چیئرمین نزاکت خان ،ملک انصار احمد ،خورشید احمد آرائیں کے علاوہ دیگر معززین علاقہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ شہید کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ اس میں تمام صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقداما ت اٹھائے، حکومت پنجاب کے خصوصی تعاون سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے جاری ہفتہ صحت پروگرام بھی عوام دوستی کا ثبوت ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہر شعبے پر میرٹ پر توجہ دی جا رہی ہے، حالیہ اساتذہ کی بھرتی بھی خالصتاًً میرٹ پر ہوئی ہے، اساتذہ بھی بچوں کو بہتر تعلیم فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔

انہوںنے کہا کہ حلقے میں صحت اور سکولوں کالجوں کی بہتری کیلئے بھی دن رات کوشاں ہوں ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول حضرو ملک جاوید نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ میٹرک کے امتحان میں ان کے سکول نے تحصیل بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کی جس پر صوبائی وزیر نے انکو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :