این اے 120کے ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی خوشی میں ملتان میں مسلم لیگ(ن)کے کارکنوں نے جشن،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) این اے 120کے ضمنی الیکشن میں بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی خوشی میں ملتان میں مسلم لیگ(ن)کے کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں،ایم پی اے سلطانہ شاہین کی رہائشگاہ پر مسلم لیگ (ن)شعبہ خواتین کی کارکنوں نے جشن منایا اورمٹھائی تقسیم کی گئی،اس موقع پر ایم پی اے سلطانہ شاہین کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نوازکی بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

مسلم لیگ(ن)شعبہ خواتین کی کارکنان بیگم کلثوم نوازکی انتخابی مہم کیلئے گھر گھر جائیں گی اور قائد میاں نوازشریف کا پیغام پہنچائیں گی۔انشاء اللہ 17ستمبرکا سورج مسلم لیگ(ن)کی کامیابی لیکرطلوع ہوگا۔مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی اورثابت ہوجائے گا کہ لاہورمسلم لیگ(ن)کا قلعہ ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیگی خواتین کارکنان شکیلہ بشیر،ثمینہ منیر اور آرزو ودیگر بھی موجود تھی،دوسری طرف مسلم لیگ(ن)کے رہنما اعجازلنگاہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی خوشی میں ملتان کے چوک کمہاراں والا پر مٹھائی تقسیم کی ،اس موقع پر لیگی رہنما عبدالرزاق،محمدعبداللہ ودیگر بھی موجود تھے۔

لیگی رہنما اعجاز لنگاہ کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این اے 120میں محترمہ کلثوم نوازکی بطورامیدوارنامزدگی پر ہم لیگی قیادت کی سیاسی بصیرت کو سلام پیش کرتے ہیں۔این اے 120میں کلثوم نواز ہی کامیاب ہوں گی۔لیگی کارکنان ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔