عطائیوںکیخلاف مہم مزید تیز کی جائے،ڈپٹی کمشنر کی محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے جعلی، زائد المعیاد ، غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے اور بغیر لائسنس میڈیکل پریکٹس کرنیوالے 4عطائیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کیخلاف کیسز پراسکیوشن کیلئے ڈرگ کورٹ بھجوانے کی منظوری دیدی ، یہ فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن وقار خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد محمودغوری، سیکرٹری بورڈ محمد وسیم و دیگر ممبران نے شرکت کی، اجلاس میں مجموعی طور پر 16کیسز سماعت کیلئے پیش کئے گئے ،ریکارڈ کی پڑتال اور ملزمان کا موقف سننے کے بعد4کیسز قانون کے مطابق کارروائی کیلئے ڈرگ کورٹ کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی نے ڈرگ انسپکٹرز کودو کیسز کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی جبکہ 10 سٹور مالکان کو وارننگ جاری کر دی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران، ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ عطائیوںکیخلاف مہم کو مزید موثر اور تیز کیا جائے،انہوں نے کہا کہ کسی بھی عطائی کو شہریوںکی جان و مال سے کھیلنے، جعلی، غیر رجسٹرڈ اور بغیر وارنٹی ادویات فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔