متنازعہ ٹیکس معاملات کے حل کیلئے مصالحتی کمیٹی بنائی جائے گی‘ عاصم احمد

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)ٹیکس اہداف پورے کرنا قومی فریضہ اور ذمہ داری ہے تاہم ٹیکس دہندگان کی عزت اور ان کے مسائل حل کرنا بھی ٹیکس وصولی کے محکموں کی ذمہ داری ہے۔چیئرمین آل پاکستان آئل ملز ایسوسی ایشن و چیئرمین ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ خواجہ محمد فاضل ،آل پاکستان بیڈشیٹ اینڈ اپ ہولسٹری کے چیئرمین خواجہ محمد یونس ،ایف پی سی سی آئی کے سابق وائس چیئرمین سید عاصم شاہ ودیگر سے اپنے آفس میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو/ ریجنل ٹیکس آفس (آرٹی او) ملتان عاصم احمد نے مزید کہاکہ تاجروں اور کاروباری طبقہ کے مسائل حل کرنے کے لیے میرے دروازے ہروقت کھلے ہیں کسی کو وقت لیکر آنے کی ضرورت نہیں۔

میرافرض ہے کہ میں ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے ٹیکس کے مقررہ اہداف پورے کروں اور ٹیکس ادا کرنے والوں کوسرخ فیتے کاشکار نہ ہونے دوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریفنڈز کی ادائیگی میں تاخیر کوختم کرنے کے لیے میری حدتک تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور جلد ہی التواء میں موجود 50فیصد ریفنڈز کی ادائیگی کی جارہی ہے۔اس موقع پر ایس آراو 110پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر خواجہ فاضل،خواجہ یونس اوردیگر عہدیداران نے کہاکہ ملتان تعیناتی پر وہ چیف کمشنر کوخوشد آمدید کہتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ ان کے آفس کی طرف سے ٹیکس گزاروں کو سہولت مہیا کی جائے گی اوران کے دیرینہ مسائل اب حل ہونگے۔انہوںنے کہاکہ تاجروں اور کاروباری افراد کوٹیکس دینے سے انکار نہی ہے تاہم اس کے طریقہ کار اور مختلف پیچیدگیوں کی وجہ سے افراد ٹیکس نظام سے باہر رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ٹیکس وصولی اور اس سے متعلقہ امور پر قانون سازی سے پہلے متعلقہ ایسوسی ایشنز اورنمائندہ افراد سے مشاورت کرلی جائے تو بہت سی قباحتوں سے بچاجاسکتا ہے۔