قدیمی آرٹ،سنگیت اور ہنرمندوں کی تخلیقات دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہیں‘عکسی مفتی

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) بلیوپاٹری ہو یا ٹرکوں پر نقش ونگار ،صوفیانہ کلام اوراس کے پیش کرنے والے ہوں یا پاکستان کے ہرحصے میں موجود ہنرمندوں کے ہاتھوں سے تخلیق کیے گئے شاہکار دنیا بھر میںپا کستان کی شناخت ہیں۔معروف ادیب اور دانشور عکسی مفتی نے ایوان تجارت وصنعت ملتان میں آزادی ثقافت اور قومی یکجہتی کے موضوع پر منعقدہ تقریب ’’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ جہاں ہمیں ان چیزوں پرفخر ہوناچاہیے وہیں ہمیں ان کی ترقی اور بقاء کے لیے بھی کام کرنا چاہیے۔

اس موقع پر کمشنرملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خطے کی صورت حال اور ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ہم سب کا فرض ہے کہ قومی یکجہتی ،امن ،بھائی چارے ار برداشت کے کلچر کوفروغ دیں اور سب سے پہلے اپنی ذات سے احتساب شروع کرکے ملک کے لیے جو کیاجاسکتا ہے اس کی ابتداء کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آنے والے وقت میں ملتان پہلے سے بھی زیادہ کاروباری مرکز بننے والا ہے جبکہ زرعی خطہ ہونے کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی نظریں بھی یہاں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچر کے حالات کاجائزہ لے رہی ہیں۔

سی پیک اور اس کے انفراسٹرکچر میں ملتان اورقرب وجوار میں تعمیر سے یہ خطہ دنیا بھر سے تیزترین روابط قائم کرنے والا ہے جس سے یہاں بے روزگاری میں کمی اور علاقائی ترقی کے وسیع مواقع ہونگے ۔کپاس جو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ہمیں اس کی پیداوار کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہوگا تاکہ نہ صرف ملکی بلکہ بڑھتی ہوئی عالمی ضروریات بھی پوری کرسکیں۔

بلال احمد بٹ نے کہا کہ آزادی قائم رکھنے کے لیے محنت اور بلند ارادوں کی ضرورت ہوتی ہے اورہماری نوجوان نسل ان خوبیوں سے مالامال ہے۔ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب اس حوالے سے بھی اہم ہے کہ ہم سب کو آزادی کامطلب سمجھنا چاہیے ۔جماعتوں ،فرقوں اور لسانیت میں تقسیم کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے۔

ملک میں رہنے والوں کاتعلق خواہ کسی بھی مذہب،فرقہ یا قوم سے ہو سب کو برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہیں ۔بحیثیت مسلمان ہم رواداری اور حسن سلوک پر کامل یقین بھی رکھتے ہیں۔اس موقع پر مرزا احمد علی، چوہدری محمد شفیق کے علاوہ مسیحی مقرر فادر ریاض گھوسل ،سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے مہندرپال سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لاکھوں قربانیوں اور تاریخ کی بے مثال ہجرت کے بعد پاکستان دنیا کے نقشے پر سامنے آیا لیکن جو قومیں زبان،مذہب ،عقائد یا علاقوں پر دست وگریبان ہوتی ہیں وہ دنیا کے نقشے سے گم ہوجاتی ہیں۔

ہم میںبھی شرارت کرنے اور تفرقہ پھیلانے والے لوگ موجودہیں لیکن ہم نے تدبر اور حوصلے سے ان کی سازشیں ناکام بنانی اوراس سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک ہی رہنا ہے۔اس موقع پر پاکستان کے مختلف حصوں میں تیار ہونے والی مصنوعات ،مختلف ہنرمندوں کے بارے میں ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی ۔بعدازاں علاقائی اور قومی نغموں کا پروگرام بھی پیش کیاگیا۔

متعلقہ عنوان :