سماجی تنظیموں و کارکنوں کو تربیتی مراحل سے گزار کر معاشرتی سدھار کیلئے راہیں ہموارکی جاسکتی ہیں‘ ضیاء الرحمن

جمعہ 18 اگست 2017 20:31

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)سماجی رہنما ضیاء الرحمن نے کہا ہے کہ سماجی تنظیموں و کارکنوں کو تربیتی مراحل سے گزار کر معاشرتی سدھار کیلئے راہیں ہموارکی جاسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواز فائونڈیشن ، کین پاکستان کے اشتراک سے اجالا پراجیکٹ کے تحت جنڈر بیس وائلنس کے خاتمے اور یوتھ فرینڈلی ہیلتھ سروسز و خواتین کے حقوق کے عنوان سے صوبائی تربیتی ورکشاپ کے موقع پر کیا ۔

تربیتی ورکشاپ کے موقع پر پنجاب بھر کی این جی اوز کے نمائندہ سربراہوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شاہد محمود انصاری اور عابدہ حسین بخاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی سطح پر عوام الناس کی آگاہی کیلئے تربیتی سیشن اور معلومات عامہ کو فروغ دے کر بے شمار معاشرتی مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں گھریلو تشدد ، جنسی امتیاز اور نوجوانوں کے ساتھ تفریق پر مبنی رویہ روا رکھا جارہا ہے جو کہ ہماری معاشرتی بگاڑ کا بڑا سبب ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر چیلنجز کا سامنا اس وقت ممکن ہے جب سماجی کارکن تربیت یافتہ ہوں اور معاشرتی طور پر فعال کردار ادا کررہے ہوں ، یونین کونسل کی سطح سے لے کر صوبائی سطح تک تربیتی نشستوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے ۔