کوہاٹ چھائونی پولیس نے تین رکنی بین الاضلاعی بائیک لفٹر گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ، مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد

جمعہ 18 اگست 2017 20:30

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) کوہاٹ چھائونی پولیس نے تین رکنی بین الاضلاعی بائیک لفٹر گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر محمد علی کے مطابق خفیہ اطلاعات پر مئوثر کاروائی کرتے ہوئے انہوں نے سب انسپکٹر ارشد محمود اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ چھائونی کے علاقہ عبداللہ کالونی میں ایک بیٹھک پر اچانک چھاپہ مارا جہاں سے موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث گروہ کے سرغنہ سمیت تین سرگرم ارکان محمد شاکر،عامر نعیم اور محمد اویس کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

تینوں بائیک لفٹرز کو سرغنہ محمد شاکر کے بیٹھک سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں وہ مسروقہ موٹر سائیکل کو کھول کو پرزے بناتے ہوئے علاقہ غیراورکزئی ایجنسی منتقل کرنے کی تیاری کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ زیر حراست بائیک لفٹرز شہر اور چھائونی کے پوش اور گنجان آباد علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کرکے ان موٹر سائیکلوں کو فروخت کیلئے علاقہ غیر اورکزئی ایجنسی اور دوسرے شہروں کو منتقل کرنے میں مصروف عمل تھے ۔

انہوں نے کہا کہ مسروقہ موٹر سائیکلوں کو مختلف پرزوں میں تقسیم کرکے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا تھاجبکہ پکڑی گئی مسروقہ موٹر سائیکل بھی ملزمان پرزوں میں تبدیل کرکے اورکزئی ایجنسی منتقل کرنا چاہتے تھے تاہم پولیس کی بروقت کاروائی کی بدولت بائیک لفٹرز اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں ناکامی سے دوچار ہوئے۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ چوری کی یہ موٹر سائیکلیں مکینکس کی مدد سے پرزوں کی تبدیلی کے بعد نئے شیپ میں فروخت کیلئے پیش کئے جاتے ہیںجبکہ ایک شہر میں چوری کی گئی موٹر سائیکل کو یاتو دوسرے شہر منتقل کیا جاتا ہے یا پھر ملحقہ فاٹا کے علاقوں میں جہاں ایسی موٹر سائیکلیںعام استعمال میں لانے کے علاوہ جرائم کی مختلف وارداتیں برپا کرنے کیلئے بھی استعمال کی جاتی ہیں۔

ابتدائی پوچھ گچھ میں زیر حراست ملزمان نے موٹر سائیکل چوری کرنے کی متعدد وارداتوں کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے دوران تفتیش مزید سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔مسروقہ موٹر سائیکل سمیت گرفتارتینوں بائیک لفٹرزکو بعد ازاں مقامی عدالت میں پیش کرکے مزید جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :