سینیٹ ذیلی کمیٹی کم ترقی یافتہ علاقہ جات کا اجلاس ، سینیٹر اور اعلیٰ حکام کی شرکت

ْقومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے ملازمین کو سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت لانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا مشترکہ اجلاس منعقد کرکے تجاویز کمیٹی کو فراہم کی جائیں، عدالتی معاملات مل بیٹھ کر حل کیے جائیں، کمیٹی کی ہدایت

جمعہ 18 اگست 2017 20:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) سینٹ ذیلی کمیٹی کم ترقی یافتہ علاقہ جات کی کنونیئر روبینہ عرفان نے وزارت خصوصی تعلیم و تربیت کو ہدایت دی کہ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے ملازمین کو سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت لانے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا مشترکہ اجلاس منعقد کرکے تجاویز کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔

عدالتی معاملات مل بیٹھ کر حل کیے جائیں۔ کمیٹی کے آج کے اجلا س میں قومی کمیشن برائے انسانی ترقی حکام نے بتایا کہ اس سال بجٹ میں سے کم فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ ہماری ضروریات کو نظر انداز کررہی ہے۔ باربار یاد دہانی کے خطوط بھی لکھے گئے ہیں۔ وزارت خزانہ حکام نے بتایا کہ کمیٹی کی جانب سے بجھوائی گئی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے 21اگست کو تمام فریقین کا اجلاس بلوایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ مالی معاملات حل کرے گی۔ چیئرپرسن قومی کمیشن برائے انسانی ترقی نے بتایا کہ پلاننگ کمیشن نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ مختلف پروگراموں کے لیے مالی معاونت کی جائے گی۔ سینیٹر نثار محمد نے کہا کہ وزارت اور کمیشن کو قانونی معاملات پہلے وزارت قانون سے حل کروانے کے بعد وزارت خزانہ سے رابطہ کیا جانا چاہیے تھا۔ وزارت خزانہ نے بھی بے حسی کا مظاہر ہ کیا ۔

سرکاری ملازمین کے سروس رولز کی منظوری اپنی جگہ لیکن ادار ے کو خودمختار بھی بنانے کے اقدامات ابھی تک زیر التواء ہیں۔ دور دراز علاقوں میں موجود کمیشن کے سکولوں کے طلباء کی تعلیمی نقصان کی ذمہ داری کس پر ہے اور کہا کہ معاملے کو مزید لٹکانے کی بجائے حل کرنے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔ کمیشن کو خودمختار بنایا جائے ۔ سینیٹر مختیار احمد دھامرا نے کہا کہ ضلع تھر پارکر کے ملازمین کا گریڈ دوسرے اضلاع کے ملازمین کے برابر کیا جائے۔

سینیٹر گیان چند نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کے معاملات حل کیے جائیں۔ کمیٹی نے ہدایت دی کہ 21اگست کے اجلاس میں تمام فریقین اتفاق رائے پیدا کریں۔ ذیلی کمیٹی کا اجلاس 25اگست کو منعقد ہوگا جس میں وزارت خزانہ ، قانون، پلاننگ کمیشن ، اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے حکام بھی شرکت کریں۔ گے۔ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرزنثار محمد ، گیان چند، مختیار احمد دھامراہ عاجز کے علاہ وزارت تعلیم خصوصی تربیت ، وزارت خزانہ اورچیئر پرسن این ایچ سی ڈی رزینہ عالم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :