یہ سال ہی بھاری ہے اس لئے بہت کچھ ہونے والا ہے ،باری تو سب کی آئیگی ‘خان صاحب کی بھی آئیگی‘ منظور وسان

ہو سکتا ہے انتخاب میں کامیابی کے بعد کلثوم نواز پارٹی کی مستقل صدارت سنبھال لیں،شاہد خاقان مدت پوری کرتے نظر آرہے ہیں‘ گفتگو منظور وسان نے بلاول ہائوس لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ،مجموعی سیاسی صورتحال ‘ پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 18 اگست 2017 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر بڑا مشکل مہینہ ہے ،ہو سکتاہے کلثوم ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد پارٹی کی مستقل صدارت سنبھال لیں ،شاہد خاقان عباسی مدت پوری کرتے نظر آرہے ہیں،باری تو سب کی آئے گی لیکن باری باری آئے گی، عمران خان صاحب کی باری بھی آئے گی ۔

کراچی سے لاہور آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ سب سیاستدانوں کو عقلمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور ایک دوسرے پر کیچڑ نہیں اچھالنا چاہیے ، سیاست میں تحمل ہونا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو حالات معلوم تھے ، عقلمند ہوتے تو کوئی دوسرا راستہ اختیار نہ کرتے ،نواز شریف اب بھی سمجھداری سے کام لیں،میں آنے والے دنوں میں (ن) لیگ میںتوڑ پھوڑ دیکھ رہا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو میں کوئی اختلافات نہیں ، باپ اوربیٹے کی بات ایک ہی ہے۔منظور وسان نے کہا کہ (ن) لیگ کی صدارت باہر نہیں جا سکتی ،کلثوم نواز ضمنی انتخاب میں کامیاب ہوئیں تو ہو سکتا ہے پارٹی کی مستقل صدارت سنبھال لیں ، شاہد خاقان عباسی بطور وزیر اعظم مدت پوری کرتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی نہیں سب کی باری آئے گی بلکہ باری باری آئے گی اور عمران خان صاحب کی باری بھی آئے گی ۔یہ سال ہی بھاری ہے اس لئے بہت کچھ ہونے والا ہے ، ستمبر اور اکتوبر بڑا مشکل مہینہ ہے۔علاوہ ازیںمنظور وسان نے بلاول ہائوس لاہور میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔