دہشت گردی کے رحجانات کو ختم کرنے کیلئے انتہاپسند سوچ پر تحقیق کو آگے بڑھایا جائے، احسن اقبال

نوجوان نسل کو انتہا پسندی کی سوچ سے بچانے کیلئے ٹھوس بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے، نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے، حکومت نیکٹاکو مزید فعال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیگی، وفاقی وزیر داخلہ کی نیکٹا کے دورے کے موقع پر گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے رحجانات کو ختم کرنے کیلئے انتہاپسند سوچ پر تحقیق کو آگے بڑھایا جائے، نوجوان نسل کو انتہا پسندی کی سوچ سے بچانے کیلئے ٹھوس بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے، نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنائے، حکومت نیکٹاکو مزید فعال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ پروفیسراحسن اقبال نے یہ بات جمعہ کو نیکٹا کے دورے کے موقع پر کہی۔ نیشنل کوآرڈنیٹر نیکٹا احسان غنی نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت کے تحت کسی بھی ادارے کا پہلا دورہ نیکٹا کی افادیت اور اہمیت اجاگر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیکٹا کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے، نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائے حکومت نیکٹا کو مزید فعال کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیگی، وزیر داخلہ نے نیکٹا کو تمام صوبوں اور اداروں کیساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ عطیات کی وصولی کے حوالے سے فوری قانونی ضابطہ کار مرتب کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو آئندہ آنیوالی نسلوں کے لئے امن کا گہوارہ بنانا ہے، ہمارا مشن دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنا اور امن قائم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ معیشت کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی ، محلہ دار اپنے ہمسائیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ،انہوں نے کہا کہ پورے معاشرے کو اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہم آہنگی سے کام کرنا ہو گا، وزیر داخلہ نے کہا کہ نیکٹا کو امتیازی اور مثالی ادارہ بنائیں گے۔