تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے اسے نہیں بچائیں گے نہ نواز شریف کی گرتی دیوار کو سہارا دیں گے‘ جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت ،کارکنوں کی قربانی سے آئی، اس کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر کا نوازشریف کے بیان پرردعمل کااظہار

جمعہ 18 اگست 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) پیپلز پارٹی پنجاب نے کہا ہے کہ تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے اسے نہیں بچائیں گے نہ نواز شریف کی گرتی دیوار کو سہارا دیں گے، جمہوریت پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانی سے آئی، اس کے دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جمعہ کو پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر نے آصف زرداری سے کچھ نہ مانگنے کے متعلق نواز شریف کے بیان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ رسی جل گئی لیکن بل نہ گیا، نااہل ہو گئے مگر جھوٹ بولنے کی عادت نہ گئی،(ن) لیگ کمزور ہوتی ہے تو پائوں پکڑتی ہے، اس کا عملی مظاہرہ کئی ماہ سے جاری ہے، خواجہ آصف سے خواجہ سعد رفیق کے بیانات اس بات کو ثبوت ہیں کہ (ن) لیگ والے ترلے منتوں پر آ گئے ہیں،ہم کیا تردید کریں نواز شریف کے بیان کو خود ان کے وزرا کے بیانات رد کر رہے ہیں، خواجہ آصف کا ٹی وی چینل پر بیٹھ کر آصف زرداری سے دوستیاں جتانا منتیں نہیں تو کیا ہیں ۔

(جاری ہے)

زرداری صاحب کے متعلق بازاری زبان استعمال کرنے والے خواجہ سعد کو اب زرداری صاحب سمجھدار کیوں لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اخلاقیات اور قیادت کی تربیت اجازت نہیں دیتی ورنہ سامنے لانے کو ہمارے پاس بہت کچھ ہے، مصطفی نواز کھوکھراب (ن) لیگ والوں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے، چاہے وہ تعریف کریں یا ترلے منت کریں ۔ مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے اسے نہیں بچائیں گے نہ نواز شریف کی گرتی دیوار کو سہارا دیں گے، نواز شریف جمہوریت نہیں بادشاہت چاہتے ہیں لیکن اب ان کی سیاست ختم ہو چکی۔جمہوریت پی پی کی قیادت اور کارکنوں کی قربانی سے آئی، اس کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔