پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں پائیداری ، مضبوطی اور تقویت کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے ‘ رفیق رجوانہ

پاکستان امن پسند جمہوری ملک ہے جس نے تاریخ میں سب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی ہے ‘گورنر پنجاب کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 18 اگست 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں پائیداری ، مضبوطی اور تقویت کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہے ، دونوں ممالک برابری کی سطح پر تعلقات کے مزید فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ جمعہ کو گورنر ہائوس میں لاہور میں نئی تعینات ہونے والی امریکی قونصل جنرل مس الزبتھ ٹروڈوسے تعارفی ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے امریکی قونصل جنرل مسٹر یوری فیڈکیوبھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان امن پسند جمہوری ملک ہے جس نے تاریخ میں سب سے زیادہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور لڑبھی رہا ہے اور ہم دنیا کے ہر کونے میں دہست گردی کی پُر زور مذمت کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں یکجا ہو کر اس کا مقابلہ کرے اور پاکستان کی اس ضمن میں دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف بھی کرے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم اس بات پر پورا یقین رکھتے ہیں کہ افغانستان کا امن پورے خطے کا امن ہے اور پاکستان خطے کے امن کے لیے ہمہ وقت اپنا بھرپور اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں امریکہ کا پاکستان سے تعاون قابل تعریف ہے خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبے میں امریکی تعاون سے پاکستان میں ان شعبوں میں بہتری آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا ان کی خواہش ہے کہ امریکہ پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے امریکی قونصل جنرل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ دونوں ملکوں کو قریب لانے میں اسی جذبے اور محنت سے کام کریں گے جس طرح مسٹر یوری فیڈکیو نے کیا ۔ نئی تعینات ہونے والی امریکی قونصل جنرل مس الزبتھ ٹروڈونے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئے شعبے تلاش کرنے کا خواہاں ہے ۔

سبکدوش ہونے والے امریکی قونصل جنرل مسٹر یوری فیڈکیونے کہا کہ وہ پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں اور ان کا پاکستان میں قیام ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا بہترین حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب بالخصوص لاہور میں آکر بڑی خوشی محسوس ہوئی کیونکہ یہ شہر پاکستان کا ثقافتی ، تعلیمی اور پرانی شاندار روایات کا مرکز ہے۔