نواز شریف نے پیپلزپارٹی کی حکومت بچانے کیلئے اپنی مقبولیت دائو پر لگا ئی ،(ن) لیگ کو سیاست آگے بڑھانے کیلئے کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں، آئندہ انتخابات میں عوام کی پہلی چوائس ہو گی،زرداری نے بار بار میثاق جمہوریت سے انحراف کیا

وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کا آصف علی زرداری کے بیان پر ردعمل

جمعہ 18 اگست 2017 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اگست2017ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ آصف زرداری نے بار بار میثاق جمہوریت سے انحراف کیا جبکہ نواز شریف نے پیپلز پارٹی کی حکومت کو گرائے جانے سے بچانے کیلئے اپنی مقبولیت دائو پر لگا دی تھی ۔

(جاری ہے)

آصف علی زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آصف زرداری کی مسلم لیگ (ن) سے شکایات درست نہیں ہیں ، زرداری نے باربار میثاق ِ جمہوریت سے انحراف کیا اور انکی حکمرانی بیڈ گورننس کا شاہکار تھی جبکہ میاں نواز شریف نے پیپلز پارٹی کی منتخب حکومت کو گرائے جانے سے بچانے کے لئے اپنی مقبولیت دا ئو پر لگادی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اعتزاز احسن آصف زرداری کی آواز ہیں تو پیپلز پارٹی کو خدا حافظ کہنا بہتر ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو سیاست آگے بڑھانے کے لیے کسی بیساکھی کی ضرورت نہیں، اللہ کی تائید اور عوام کی طاقت پر انحصار کرتی ہے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ہی عوام کی پہلی چوائس ہو گی۔