چائنا کٹنگ کیس ،سندھ ہائی کورٹ نے نیب سے 15ستمبر تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی

ملزم نیب سے تفتیش میں تعاون نہیں کریں گے ان کی ضمانت منسوخ کردیں گے،عدالت کے ریمارکس

جمعہ 18 اگست 2017 19:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے سرجانی ٹاؤن میں سرکاری زمینوں کی چائنا کٹنگ اور قانونی فروخت سے متعلق نیب سے 15 ستمبر تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیئے اگر ملزمان نے تفتیش میں تعاون نہ کیا تو ضمانتیں منسوخ کردیں۔ گے۔جمعہ کوچیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں ڈویژنل بینچ نے سرجانی ٹاون سرکاری زمینوں کی چائنا کٹنگ اور غیر قانونی فروخت کا معاملہ پر بلڈر اطہر علی، غلام حیدر، مشتاق علی اور دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب نے ملزموں کے خلاف تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ نیب کے مطابق ملزموں نے سرکاری پلاٹوں پر چائنا کٹنگ کرکے فروخت کردیا۔ ملزموں نے ریکارڈ میں جعلی انٹریز کراکر پلاٹوں کو خریدوفروخت کی۔ ملزموں کے خلاف جعل سازی اور کرپشن کے شواہد موجود ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ انکوائری کو ریفرنس میں تبدیل کرنے میں کتنا وقت لگے گا تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم تفتیش میں تعاون نہیں کررہے۔ چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریماکس دیئے کہ ملزم نیب سے تفتیش میں تعاون نہیں کریں گے ان کی ضمانت منسوخ کردیں گے۔ عدالت نے پندرہ ستمبر تک نیب سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

متعلقہ عنوان :