پائیدار امن کے قیام ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے خیبر پختونخواکو ایک ماڈل صوبہ بنائیں گے،عارف یوسف

جمعہ 18 اگست 2017 19:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر عارف یوسف نے پی کے۔4کے انجمن تاجران جندر گلی کی تقریب حلف برادری میں شرکت کی۔ ایم پی اے عارف یوسف نے نو منتخب کابینہ کے صدر نصراللہ خان، نائب صدر عامر خان،جنرل سیکرٹری عمران علی سے حلف لیا۔ اس موقع پر علاقے کے ناظمین کونسلرز اور اہل علاقہ بری تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ تاجروں کی انجمنیں بنانے کا مقصد یہ ہے کہ ان کے ممبران تاجروں کی فلاح و بہبود،ایمانداری سے علاقے کی تجارت کو فروغ دینے اور خریداری کی غرض سے آنے والے خواتین و حضرات کو سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کام کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انجمن تاجران جندر گلی بھی انہی مقاصد کی تکمیل کیلئے اپنا فعال اور مثبت کردار ادا کرے گی۔

عارف یوسف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حتمی المقدور کوشش ہے کہ پائیدار امن کے قیام اورترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے خیبر پختونخواکو ایک ماڈل صوبہ بنایاجائے اور اس سلسلے میں پچھلے چار سالوں سے کامیابی سے عمل بھی ہو رہا ہے۔مشیر وزیر اعلیٰ عارف یوسف نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی۔