محکمہ ایکسائز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جاری کام کی رفتار تیز کی جائے،جمشیدالدین

جمعہ 18 اگست 2017 19:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائیز وٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے شروع کئے گئے اقدامات پر کام کی رفتار تیز کی جائے تا کہ محکمے پر عوام کا اعتماد بحال اور اُن کے شکایات کا ازالہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میںمحکمہ ایکسائیز کے کمپیو ٹرازیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد عنوانی یا فرائض میں غفلت کا ارتکاب کرنے والی کا لی بھیڑوں اور گندی مچھلیوں کے خلاف اٹھائے جانیوالے اقدامات سے محکمے کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو تاکید کی کہ محکمہ میں سزا و جزا کی پالیسی پر سختی سے عمل در آمد کیا جائے کیونکہ یہی پالیسی محکمہ کی استعداد کار بڑھانے اور کام چور ملازمین کی حوصلہ شکنی کیلئے موثرثابت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ میں کمپیوٹرازیشن اور عملے کو جدید تربیتی کورسز کے انعقاد سے اس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور صوبے کے عوام کو بھی فوری اور با آسانی سہولیات میسر ہوگی۔