تعلیم کا شعبہ ہمارے حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے،وزیرتعلیم عاطف خان

جمعہ 18 اگست 2017 19:40

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ ہمارے حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے کیونکہ ہماری سوچی سمجھی رائے ہے کہ تعلیم ہی ترقی کا زینہ ہے اور ہماری حکومت نے چار سال کے دوران تعلیمی شعبے کے بجٹ میں 114فیصد اضافہ کرتے ہوئے اس کو 63 ارب روپے سے بڑھا کر 137 ارب کردیا ہے جس سے نہ صرف سرکاری سکولوں میں ضروری سہولیات مہیا کی گئی ہیں بلکہ چالیس ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی اور اساتذہ کی تربیت کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے اور ان اصلاحا ت کی بدولت گذشتہ سال ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ بچے نجی سکولوں سے واپس سرکاری سکولوں میں آئے ہیں ۔

وہ گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز نمبر 2 مردان میں بورڈ اور یونیورسٹی کی سطح پر ٹاپ تھری پوزیشن حاصل کرنے والے اسی کالج کے طلبہ میں انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے اعلیٰ تعلیم کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری عبید مایار ایم پی اے اور کالج کے پرنسپل پروفیسر خالد خان خٹک نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر کامرس ایجوکیشن اور منیجمنٹ سائنسز کے صوبائی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر محمد ندیم اور سابق ڈی جی پروفیسر محمد شکیل اور صوبے کے مختلف کامرس کالجز کے پرنسپل صاحبان بھی موجود تھے ۔وزیر تعلیم نے بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کالج کے طالب علم عباس شاہد کو موٹر سائیکل اور شیلڈ، ایم کام میں عبدالولی خان یونیورسٹی ٹاپ کرنے والے طالب علم محمد ذیشان اور بی کام ٹاپ کرنے والے ابو ہازم کو لیپ ٹاپس اور شیلڈزجبکہ وسیم اکرم ، مجاہد خان اور سلمان خان کو بورڈ میں باالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن کے حصول پر نقد انعامات اور شیلڈز دیئے ۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے قلیل عرصے میں گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز نمبر 2 مردان کی بہترین کارکردگی پر کالج کے پرنسپل اور فیکلٹی کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سیکنڈری ایجوکیشن کی طرز پر کالجز میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کے لیے بجٹ میں خطیر انعامی رقم رکھی جائے گی تاکہ سرکاری سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کے تعلیمی اخراجات ان کے والدین پر بوجھ نہ بنیں ۔

عاطف خان نے کہا کہ ہم نے سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر 21ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی ہے جبکہ امسال اس مد میں مزید9 ارب مختص کیے گئے ہیں۔عاطف خان نے کالج کے لیے بس ،ہائی ایس وین کی فراہمی اور مسجد کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی ۔

متعلقہ عنوان :