مدارس نے جہالت کے اندھیرے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعہ 18 اگست 2017 19:12

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) مدارس نے جہالت کے اندھیرے دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ،محدود وسائل اور سرکاری سرپرستی نہ ہو نے کے باوجود دینی مدارس کا کردار اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مکی مسجد و مدرسہ ٹنڈو طیب حیدرآباد میں تقسیم اسناد و انعامات کی تقریب خطاب کرتے ہو ئے کیا انہوں نے کہاہے کہ دینی مدراس نظریہ پاکستان کے امین ہیں یہاں سے نکلنے والے طلبہ نظریہ پاکستان کولے کرچل رہے ہیں۔

حکومت کی عدم سرپرستی کے باوجود مدارس نے جہالت کے خلاف جہادکیاہے اور معاشرے میں علم وعمل ،تہذیب واخلاق کوپروان چڑھایاہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی چینل ہماری ثقافت اورنوجوانوں کے اخلاق تباہ کررہیں جب کہ ہمارے یہاں نصاب تعلیم سے مقدس ہستیوں کوخارج کرکے بھارت کے کام کوآسا ن کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ حکومت یونی ورسٹیوں پر اربوں روپے خرچ کرتی ہے اور مدارس کونظراندازکرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مدارس کے حوالہ سے منفی تاثر درست نہیں ہے، دونوں طرح کے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ میں تربیت اورکردارکافرق واضح ہے، مدارس سرکار کی عدم توجہی کے باوجودمعاشرے پر مسلسل احسان کررہے ہیں، نوجوان کی تربیت اورکردار کوسنواررہے ہیں۔ اللہ اور اس کے محبوب ﷺ کی تعلیم سے اندھیروں کواجالوں میں بدل رہے ہیں۔ یہی وہ نوجوان ہیں جن کے ایک ہاتھ میں قرآن وسنت اوردوسرے ہاتھ میں جدیدعلم وہنر ہے اور سینوں میں اپنے ملک اور امت کے لیے کچھ کرنے کاجذبہ ہے، ہمیں ایسے بچوں اورتعلیمی اداروں پر فخرہے۔

تقریب میں بنیادی دینی تعلیم ،ناظرہ اورحفظ کرنے والے طلبہ وطالبات کو اسناددی گئیں اورانعامات تقسیم کیے گئے اس دوران طلبہ اور طالبات نے بنیادی دینی سوالو ں کے جوابات دیئے ،تلاوت قرآن،حمدباری تعالیٰ،نعت رسول ﷺ ،تقریریں کیں اورملی نغمے پیش کیے۔ تقریب میں طلبہ وطالبات کے اہل خانہ ،عمائدین شہراور اہل محلہ نے نونہال اوراساتذہ کی کارکردگی کی بھرپورحوصلہ افزائی کی۔ نائب امراء جماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ عزیز،عظیم بلوچ،نائب قیم جماعت اسلامی سندھ عبدالوحیدقریشی ،امیرضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدوددیگرنے خطاب کیا۔الخدمت فائونڈیشن کے قائمقام ضلعی صدراے کے یوسف زئی ،شعبہ مدارس تفہیم القرآن کے ضلعی نگراں قاری افضل شاکر بھی اس موقع پرموجودتھے۔

متعلقہ عنوان :