بین الاقوامی مرکز کیمیائی وحیاتیاتی علوم فورنسک لیبارٹری کے قیام میں سندھ حکومت کی مدد کرے گا ،قاضی شاہد پرویز

لیبارٹری کے قیام کیلئے حکومت نے تمام بنیادی اقدامات مکمل کرلئے ہیں ،جرائم سے متعلق عدالتی نظام میںمزید بہتر ی آئیگی،سیکرٹری داخلہ سندھ

جمعہ 18 اگست 2017 20:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی سندھ میں ڈی این اے، کیمیکل فورنسک سائنس لیبارٹری کے قیام میں سندھ حکومت کی تکنیکی و سائنسی معاونت کرے گا جبکہ سندھ فورنسک لیبارٹری کے قیام تک سندھ حکومت بین الاقوامی مرکز کی تجربہ گاہیں استعمال کرے گی۔

اس بات کا فیصلہ سندھ ہوم سیکریٹری قاضی شاہد پرویز اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوھدری نے جمعرات کی شام ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا، اجلاس میں اے آئی جی سندھ پولیس جاوید اکبر، رجسٹرار انسدادِ دہشت گردی وحید کھوسہ، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر دبیر کے علاوہ آئی سی سی بی ایس کے ڈاکٹر شکیل احمد اور ڈاکٹر اشتیاق احمد خان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

سندھ ہوم سیکریٹری قاضی شاہد پرویز نے کہا کہ لیبارٹری کے قیام کے لئے حکومت نے تمام بنیادی اقدامات مکمل کرلئے ہیں تاکہ اس کی مدد سے جرائم سے متعلق عدالتی نظام میںمذید بہتر ی آ سکے، انھوں نے بین الاقوامی مرکز کی جانب سے حکومت کو سائنسی معاونت اور وقتی طور پر اپنی تجربہ گاہوں کے استعمال کی اجازت فراہم کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر اقبال چوھدری نے کہا کہ بین الاقوامی مرکز پاکستان کا معروف تحقیقی ادارہ ہے جو صوبائی حکومت کو فورنسک لیب کے قیام میںہر ممکن ٹیکنیکل معاونت و مدد فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہے، بین الاقوامی مرکز متعلقہ ادارے کے اسٹاف کو سائنسی تربیت بھی دے گا جبکہ سندھ حکومت وقتی طور یعنی سندھ فورنسک لیبارٹری کے قیام تک بین الاقوامی مرکز کی تجربہ گاہوں کوبھی استعمال کرسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :