وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح

کردیا،مزید25فلٹر کلینکس بنانے کا اعلان دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹر قوم کے مسیحا ہیں اور میں انہیں اپنے سر کا تاج سمجھتا ہوں ‘شہباز شریف قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو ہڑتال کے نتیجہ میں علاج کے بغیر مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتا، آپ آکر نئے قائم ہونیوالے ہسپتال دیکھیں ہیپاٹائٹس کا علاج کرانا غریب عوام کے بس کا کام نہیں، حکومت یہ ذمہ داری پوری کرے گی، علاج میں کوئی مشکل نہیں آنے دینگے ایسے ہسپتال بنا رہے ہیں جہاں ہڑتال ہوگی نہ بلیک میلنگ ،صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہوگی اوریہ ہے نیا پاکستان تبدیلی لانے کے دعویدار سن لیں،اصل تبدیلی ہم لا رہے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 18 اگست 2017 20:01

وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اگست2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیا اور کلینک کے مختلف حصوں میں گئے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے وہاں پر موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ ہیپاٹائٹس کا علاج کرانا غریب عوام کے بس کا کام نہیں، حکومت یہ ذمہ داری پوری کرے گی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے قصور میں ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس کا مرض خطرناک ہے اور اس مرض نے 10 فیصد آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

پنجاب حکومت نے ہیپاٹائٹس کے مرض کے خاتمے کیلئے منظم اور جدید طریقے سے اقدامات اٹھائے ہیں۔ ہم نے صوبے سے اس مرض کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اور اسی مقصد کے تحت ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے اور25 ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس بنائے جائیں گے جہاں مفت علاج ہوگا اور ادویات بھی فری ملیں گی۔

جدید طبی سہولتوں سے آراستہ ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس کا قیام پنجاب حکومت کا ایک بڑا اقدام ہے جس سے اس مرض کے قلع قمع میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ قصور کے جدید ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کرکے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے اور اس جدید سنٹر میں پورا نظام ڈیجیٹل ہے۔ مریضوں کو سوفیصد ادویات مفت ملیں گی۔ کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت ادویات کی چوری یا خوردبرد کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان جدید ہیپاٹائٹس فلٹر کلینکس میں نہ تو کوئی ہڑتال کرے گا اور نہ ہی کسی قسم کی بلیک میلنگ ہوگی۔ یہاں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا علاج احسن طریقے سے ہوگا اور مجھے یقین ہے کہ ہڑتال کرنے والوں کو بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا احساس ہوگا اور یہ فلٹرکلینکس ان کے ضمیروں کو جھنجھوڑیں گے کہ ہڑتالوں سے دکھی انسانیت کی خدمت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ جدید ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا قیام قصور کے لوگوں کیلئے تحفہ یا ان پر کوئی احسان نہیں۔ یہ وہ قرض ہے جو پنجاب حکومت نے اتارا ہے اور جو عوام نے اشرافیہ کے ذمے ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں بننے والا ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک لاہو رمیں بننے والے فلٹرکلینکس سے کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہے اور یہاں زیادہ تر ڈاکٹر اور دیگر سٹاف قصور کا ہی ہے اور وہ یقینا درد دل کے ساتھ اپنے علاقے کے بہن بھائیوں کو طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔

ان فلٹرکلینکس میں مریضوں کو دھکے نہیں پڑیں گے اور نہ کوئی ڈاکٹر اور ایم ایس مریضوں کو ادویات باہر سے لانے کیلئے کہے گا۔ مریضوں کو تمام ادویات سوفیصد مفت ملیں گی۔ کوئی یہاں مریضوں سے ظلم یا زیادتی نہیں کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان فلٹر کلینکس کیلئے ڈیجیٹل نظام وضع کرنے پر چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف اور ان کی پوری ٹیم کا شکرگزار ہوں جنہوں نے محنت کے ساتھ یہ نظام وضع کیا ہے۔

میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کا بھی شکرگزار ہوں جس نے یہ فلٹر کلینک بنایا ہے۔ پنجاب حکومت کا یہ جدید ادارہ ہے اور اس ادارے نے شاندار کام کیا ہے جس پر میں ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے فلٹر کلینک کا دورہ کیا ہے۔ اس میں کچھ خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔ بہتری کی گنجائش موجود ہے اور ہم اسے بہتر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان فلٹر کلینکس کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے کے وسائل خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدرڈاکٹر سعید اختر اس پروگرام کے روح رواں ہیں۔ ڈاکٹرز، نرسوں او رپیرامیڈیکل سٹاف کی بھرتی ان کی ذمہ داری ہے۔ مجھ سمیت صوبائی وزراء، میرے سیاسی رفقاء اور کوئی بھی بھرتی کے عمل میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

ان فلٹر کلینکس کیلئے قابل اور باصلاحیت عملہ لایا جا رہا ہے اور یہی بڑی تبدیلی ہے۔ جو لوگ تبدیلی اور نیا پاکستان بنانے کی بات کرتے ہیں انہیں اس تبدیلی کو سامنے رکھنا چاہیئے۔جو لوگ تبدیلی کی بات کرتے ہیں وہ سن لیں کہ تبدیلی ہم لا رہے ہیں-ایسے کئی ہسپتال بنائے ہیں اور سینکڑوں مزید بنارہے ہیں جن میں صرف اور صرف دکھی انسانیت کی خدمت ہورہی ہی-ہڑتالیں نہیں ہوں گی اور بلیک میلنگ نہیں ہوگی،ادویات کی چوری نہیں ہوگی- ان ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھا جائے گا اوریہ نیا پاکستان ہی-انہوںنے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹر قوم کے مسیحا ہیں اور میں انہیں اپنے سر کا تاج سمجھتا ہوں لیکن قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو ہڑتال کے نتیجہ میں علاج کے بغیر مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتا-میں آپ سے کہتا ہو ںکہ آکر نئے قائم ہونے والے ہسپتال دیکھیں جہاں کوئی ہڑتال نہیں،ادویات کی چوری نہیں ،بلیک میلنگ نہیں، جہاںصرف مریضوں کی دن رات خدمت ہوتی ہی-میں ہڑتالی ڈاکٹروں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور یہ ہسپتال دیکھیں-شاید ان کے ضمیر جاگ جائیں-وزیراعلی نے کہاکہ عوام کو معیاری علاج معالجہ کے لئے اربوں روپے کے وسائل دئیے جا رہے ہیں-قبل ازیں وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا افتتاح کیا اور دعا مانگی -سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال ،وزراء اور اراکین اسمبلی کے علاوہ متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔