کوشش ہے کہ ملہال مغلاں کو تھانے کا درجہ ملے، ڈی ایس پی ہر ہفتے ملہال مغلاں پولیس چوکی میں عوام کے مسائل سنیں،ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ

جمعہ 18 اگست 2017 20:01

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2017ء) ڈی پی او چکوال محمد ہارون جوئیہ نے جمعہ کے روز ملہال مغلاں میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ ملہال مغلاں کو تھانے کا درجہ ملے اور اس ضمن میں کوششیں جاری ہیں، ڈی پی او نے ہدایت کی کہ ڈی ایس پی چوآسیدنشاہ ہر ہفتے ملہال مغلاں پولیس چوکی میں عوام کے مسائل سنیں، ڈی پی او نے معاشرتی برائیوں، فحاشی، سود کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا، انہوںنے بتایا کہ ہر تھانے کی سطح پر عوامی تحفظ کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں جن کا مقصد جرائم کا خاتمہ ہے اور کوئی ٹائوٹ اس عوامی تحفظ کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگا، ڈی پی او نے بتایا کہ تھانے میں فرنٹ ڈیسک کے قیام سے منشی تھانہ کلچر کا خاتمہ ہوگا اور تھانوں تک عام آدمی کی رسائی ممکن ہوگی، کھلی کچہری میں عوام نے شکایات کے ڈھیر لگا دیئے اور بتایا کہ علاقہ لنڈی پٹی میں منشیات فروشی دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور اس کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے، ایک درخواست گزار نے یونین کونسل چیئرمین ملہال مغلاں کے خلاف شکایت کی کہ انہوںنے میرے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرایا جو بعد از انکوائری خارج ہوا، ڈی پی او نے 182کی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی، ایک سائل نے کہا کہ اللہ کرے تھانیدار کے گھر پر لوگ حملہ کریں اور تھانیدار کا میڈیکل نفی میں آئے اور اس کا مقدمہ درج نہ ہو، ڈی پی او نے ایس ایچ او تھانہ ڈوہمن کی سرزنش کرتے ہوئے اپنے رویے درست کرنے کی ہدایت کی، ڈی پی او ہارون جوئیہ کے موقع پر احکامات سے ڈی پی او زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، جند اعوان کے عبدالخالق نے بتایا کہ پچیس سال سے جھوٹے مقدمات کا سامنا کررہا ہے مجھ پر کتیا کی ٹانگ توڑنے کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے، مجموعی طور پر کھلی کچہری میں بتایا کہ غازیال چکوال کا سرحدی گائوں ہے اور ڈکیتوں کی آماجگاہ ہے یہاں پر فوراً سرچ آپریشن کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :